24 ذوالحجة / June 20

ویسٹ ورجینیا میں شدید بارشوں کے بعد سیلاب، 5 افراد ہلاک، 3 لاپتہ، ایمرجنسی نافذ

امریکی ریاست ویسٹ ورجینیا کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں کے بعد آنے والے اچانک سیلاب (فلیش فلڈنگ) کے نتیجے میں کم از کم پانچ افراد ہلاک جبکہ تین افراد تاحال لاپتہ ہیں۔ ریسکیو ٹیمیں لاپتہ افراد کی تلاش اور امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔

حکام کے مطابق اوہائیو کاؤنٹی اور ویلنگ کے مختلف حصوں میں صرف 30 منٹ کے دوران 2.5 سے 4 انچ (تقریباً 6 سے 10 سینٹی میٹر) بارش ریکارڈ کی گئی، جس کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آ گئی اور متعدد گاڑیاں پانی میں بہہ گئیں۔

اوہائیو کاؤنٹی ایمرجنسی مینجمنٹ کے ڈائریکٹر لو وارگو نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ انہیں 911 پر درجنوں کالز موصول ہوئیں جن میں لوگوں نے پانی میں پھنس جانے کی اطلاع دی۔ ان کے مطابق بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچنے کی وجہ سے کئی مقامات پر ریسکیو رسپانس میں تاخیر ہوئی۔ لو وارگو نے کہا: "میں گزشتہ 35 برس سے اس فیلڈ میں ہوں، مگر ایسا منظر پہلے کبھی نہیں دیکھا۔”

سیلاب کے باعث بعض افراد کو درختوں پر پناہ لینی پڑی، جب کہ کئی گاڑیاں ندیوں میں بہہ گئیں۔ اس کے علاوہ سڑکیں، پل، گیس لائنز اور دیگر بنیادی سہولیات کو بھی نقصان پہنچا۔ ویلنگ اور گرد و نواح کے علاقوں میں ڈھائی ہزار سے زائد گھروں کی بجلی منقطع ہو چکی ہے۔

اسی طرح میریئن کاؤنٹی میں بھی شدید بارش کے بعد سیلاب آیا، جس کے نتیجے میں متعدد گھروں، سڑکوں اور پلوں کو نقصان پہنچا۔ مقامی حکام کے مطابق اب تک 911 ہیلپ لائن پر 165 سے زائد ایمرجنسی کالز موصول ہو چکی ہیں۔

ریاست کے گورنر پیٹرک موریسی نے اوہائیو اور میریئن کاؤنٹی میں ہنگامی حالت نافذ کر دی ہے اور نیشنل گارڈ کو امدادی سرگرمیوں کے لیے متحرک کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے اس صورتحال کو "یونیکورن ایونٹ” قرار دیا ہے۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ امدادی ٹیمیں دریاؤں کے کنارے، زیرِ آب گاڑیوں اور ملبے کی تلاش میں مصروف ہیں، جن میں ڈرونز، سرچ ڈاگز اور سوئفٹ واٹر ریسکیو یونٹس بھی شامل ہیں۔