119
انعام بٹ کا ڈوپ ٹیسٹ مثبت، کارروائی کا امکان
پاکستان کے معروف ریسلر انعام بٹ کے ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے کے معاملے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ ذرائع کے مطابق انعام بٹ نے بینائی سے متعلق ایک دوا استعمال کی تھی، تاہم ایشین بیچ گیمز میں ڈوپ ٹیسٹ سے قبل انہوں نے اس دوا کے استعمال کے بارے میں متعلقہ حکام کو…
پاکستان کے معروف ریسلر انعام بٹ کے ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے کے معاملے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔
ذرائع کے مطابق انعام بٹ نے بینائی سے متعلق ایک دوا استعمال کی تھی، تاہم ایشین بیچ گیمز میں ڈوپ ٹیسٹ سے قبل انہوں نے اس دوا کے استعمال کے بارے میں متعلقہ حکام کو آگاہ نہیں کیا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد انعام بٹ کو مئی میں نوٹس جاری کیا گیا۔ بعد ازاں انہوں نے آنکھوں کے ٹیسٹ، اسکینز اور استعمال کی جانے والی ادویات کی مکمل فہرست متعلقہ حکام کو فراہم کردی۔
ذرائع کے مطابق طبی رپورٹس، ٹیسٹ اور اسکینز کا جائزہ لینے کے بعد انعام بٹ کی بیماری کو تسلیم کرلیا گیا، جبکہ انٹرنیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (ITA) نے بعد میں ان کا دوبارہ ٹیسٹ بھی لیا اور معاملے کا جائزہ لیا۔
ذرائع کے مطابق آئی ٹی اے کو ادویات کی مکمل فہرست فراہم کی گئی اور انعام بٹ کو مذکورہ ادویات کے استعمال کی اجازت بھی دے دی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈوپ ٹیسٹ میں ممنوعہ دوا کی انتہائی کم مقدار سامنے آئی، جبکہ مذکورہ دوا قوت بڑھانے کے لیے نہیں بلکہ طبی علاج کے لیے استعمال کی گئی تھی۔
تاہم ذرائع کے مطابق ڈوپ ٹیسٹ سے قبل دوا کے استعمال سے متعلق متعلقہ حکام کو آگاہ نہ کرنے پر انعام بٹ کے خلاف کارروائی کا امکان موجود ہے۔ اس معاملے پر متعلقہ اتھارٹیز اور انعام بٹ کے درمیان خط و کتابت جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق انعام بٹ بی سیمپل ٹیسٹ کے لیے نہیں جائیں گے، تاہم ضرورت پڑنے کی صورت میں معاملہ کھیلوں کی ثالثی عدالت (CAS) میں لے جایا جا سکتا ہے۔








