118
جی ایچ کیو میں اہم ملاقات، عاصم منیر اور شامی وزیرِ خارجہ کی علاقائی سلامتی پر گفتگو
راولپنڈی: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے شام کے وزیرِ خارجہ اسعد حسن الشیبانی نے وفد کے ہمراہ جی ایچ کیو راولپنڈی میں ملاقات کی، جس میں علاقائی سلامتی اور پاک شام دوطرفہ تعاون سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں…
راولپنڈی: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے شام کے وزیرِ خارجہ اسعد حسن الشیبانی نے وفد کے ہمراہ جی ایچ کیو راولپنڈی میں ملاقات کی، جس میں علاقائی سلامتی اور پاک شام دوطرفہ تعاون سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں علاقائی سلامتی کے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ کے امکانات پر گفتگو ہوئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شام کے ساتھ پاکستان کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو اجاگر کیا اور عالمی امن و علاقائی استحکام سے متعلق پاکستان کے مؤقف سے شامی وزیرِ خارجہ کو آگاہ کیا۔
فیلڈ مارشل نے مشترکہ سلامتی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے باہمی تعاون اور مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
ملاقات کے دوران شامی وزیرِ خارجہ اسعد حسن الشیبانی نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں پاک فوج کے پیشہ ورانہ کردار کو سراہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں جانب سے پاک شام دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور دفاع و سلامتی کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور کے علاوہ خطے میں امن، استحکام اور مشترکہ سلامتی کے چیلنجز سے متعلق معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔








