0
مصنوعی ذہانت سے بجلی اور مالیاتی نظام کو بڑا خطرہ لاحق ہو سکتا ہے، جیفری ہنٹن کی وارننگ
نور میڈیا | ٹیکنالوجی نیوز مصنوعی ذہانت کے معروف ماہر اور نوبیل انعام یافتہ سائنس دان جیفری ہنٹن نے خبردار کیا ہے کہ اے آئی کے باعث رواں سال یا اگلے سال چرنوبل جیسے کسی بڑے حادثے کا خطرہ پیدا ہو سکتا ہے، جس سے بجلی یا مالیاتی نظام عارضی طور پر مفلوج ہونے کا…
نور میڈیا | ٹیکنالوجی نیوز
مصنوعی ذہانت کے معروف ماہر اور نوبیل انعام یافتہ سائنس دان جیفری ہنٹن نے خبردار کیا ہے کہ اے آئی کے باعث رواں سال یا اگلے سال چرنوبل جیسے کسی بڑے حادثے کا خطرہ پیدا ہو سکتا ہے، جس سے بجلی یا مالیاتی نظام عارضی طور پر مفلوج ہونے کا خدشہ ہے۔
برطانوی اخبار کو دیے گئے انٹرویو میں جیفری ہنٹن نے کہا کہ وہ مصنوعی ذہانت کے مستقبل کے حوالے سے مایوس نہیں، تاہم ان کے خیال میں انسانیت کے لیے شاید یہ ٹیکنالوجی ایجاد نہ کرنا بہتر ہوتا۔
انہوں نے مصنوعی ذہانت کی ترقی کی دوڑ میں شامل معروف کاروباری شخصیات مارک زکربرگ، ایلون مسک اور سیم آلٹمین پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بعض ٹیکنالوجی رہنما اے آئی کے ممکنہ خطرات سے آگاہ ہونے کے باوجود مالی فوائد کو زیادہ اہمیت دیتے ہیں۔
جیفری ہنٹن ماضی میں گوگل سے وابستہ رہے، تاہم مصنوعی ذہانت کے بڑھتے ہوئے خطرات پر کھل کر بات کرنے کے لیے انہوں نے ادارے سے علیحدگی اختیار کرلی تھی۔
ان کے مطابق مستقبل میں مصنوعی ذہانت کے نظام اپنی زبان اور سوچنے کے طریقے خود تیار کر سکتے ہیں، جس سے ان کے رویے کو سمجھنا اور ان پر انسانی کنٹرول برقرار رکھنا مشکل ہو سکتا ہے۔ تاہم، مناسب اقدامات کے ذریعے بڑے خطرات کو کم کیا جا سکتا ہے۔














