118
پنجاب کے اسپتالوں میں فائر سیفٹی لازمی، ہیلتھ کیئر کمیشن کی اہم ہدایات جاری
لاہور: پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن نے صوبے بھر کے سرکاری و نجی اسپتالوں میں فائر سیفٹی کے مؤثر انتظامات یقینی بنانے کے لیے مراسلہ جاری کر دیا۔ کمیشن کی جانب سے جاری مراسلے میں تمام اسپتالوں کی انتظامیہ کو فائر سیفٹی سے متعلق قوانین، قواعد و ضوابط اور مقررہ حفاظتی معیار پر مکمل عمل درآمد…
لاہور: پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن نے صوبے بھر کے سرکاری و نجی اسپتالوں میں فائر سیفٹی کے مؤثر انتظامات یقینی بنانے کے لیے مراسلہ جاری کر دیا۔
کمیشن کی جانب سے جاری مراسلے میں تمام اسپتالوں کی انتظامیہ کو فائر سیفٹی سے متعلق قوانین، قواعد و ضوابط اور مقررہ حفاظتی معیار پر مکمل عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مراسلے کے مطابق اسپتال انتظامیہ کو فیسلٹی مینجمنٹ اور انفیکشن کنٹرول سے متعلق ہدایات پر بھی عمل کرنا ہوگا۔
تمام اسپتالوں میں فائر فائٹنگ آلات، ہنگامی انخلاء کے راستے اور ایمرجنسی نقشوں کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ عمارت کا فٹنس سرٹیفکیٹ بھی موجود ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن نے اسپتالوں میں تربیت یافتہ عملے کی موجودگی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے باقاعدگی سے فائر سیفٹی مشقیں (فائر ڈرلز) کرانے پر بھی زور دیا ہے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ہنگامی صورتحال میں مریضوں، تیمارداروں اور طبی عملے کے محفوظ انخلاء کے لیے پیشگی تیاری ضروری ہے۔
مراسلے کے ذریعے پنجاب ایمرجنسی سروسز ڈپارٹمنٹ کو سرکاری و نجی اسپتالوں کے فائر سیفٹی معائنے مکمل کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
پنجاب ایمرجنسی سروسز ڈپارٹمنٹ کو قوانین اور حفاظتی ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے اسپتالوں کی تفصیلات پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کو فراہم کرنے کا بھی کہا گیا ہے۔
کمیشن نے اسپتال انتظامیہ پر زور دیا ہے کہ فائر سیفٹی سے متعلق تمام ضروری اقدامات کو بروقت مکمل کیا جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں جانی نقصان کے خطرے کو کم کیا جا سکے۔








