24 رَبيع الأوّل / September 06

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کی جوہری تنصیبات کو دوبارہ نشانہ بنانے کی دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا بہت جلد ایران کے کوہ کلنگ گزلا کو ہدف بنا سکتا ہے۔

رپورٹس کے مطابق کوہ کلنگ گزلا ایران کی نطنز یورینیم افزودگی تنصیب کے قریب واقع ہے، جہاں انتہائی محفوظ سرنگوں پر مشتمل دو کمپلیکس موجود ہیں۔

صدر ٹرمپ نے اپنے بیان میں روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ کا بھی ذکر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر روس اور یوکرین جائیں گے اور جنگ کے خاتمے کے لیے ایک تجویز پیش کریں گے۔

اس سے قبل صدر ٹرمپ نے ایران جنگ کے دوران امریکی دفاعی اور حملہ آور ہتھیاروں کے ذخائر میں کمی سے متعلق خبریں دینے والے میڈیا اداروں کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ امریکی فوج پہلے سے کہیں زیادہ مقدار میں ہتھیار تیار کر رہی ہے۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ امریکا کے پاس اس قدر ہتھیار موجود ہیں کہ انہیں کبھی بھی مکمل طور پر استعمال نہیں کیا جا سکتا۔

ایران کی جوہری تنصیبات سے متعلق ٹرمپ کے تازہ بیان کے بعد خطے میں کشیدگی اور ممکنہ امریکی فوجی کارروائی کے حوالے سے ایک بار پھر خدشات پیدا ہوگئے ہیں۔