118
لاہور ہائی کورٹ کا تمباکو اور پان کی تشہیر پر پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ
لاہور ہائی کورٹ نے تمباکو، سگریٹ اور پان کی تشہیر پر پابندی کے خلاف دائر درخواست مسترد کرتے ہوئے وفاقی حکومت کا متعلقہ نوٹیفکیشن برقرار رکھا ہے۔ لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس راحیل کامران شیخ نے آل پاکستان مرکزی یونین پان سگریٹ کی درخواست پر فیصلہ جاری کیا۔ یہ فیصلہ جسٹس راحیل کامران شیخ کی…
لاہور ہائی کورٹ نے تمباکو، سگریٹ اور پان کی تشہیر پر پابندی کے خلاف دائر درخواست مسترد کرتے ہوئے وفاقی حکومت کا متعلقہ نوٹیفکیشن برقرار رکھا ہے۔
لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس راحیل کامران شیخ نے آل پاکستان مرکزی یونین پان سگریٹ کی درخواست پر فیصلہ جاری کیا۔ یہ فیصلہ جسٹس راحیل کامران شیخ کی جانب سے استعفے سے قبل جاری کیا جانے والا آخری فیصلہ قرار دیا جا رہا ہے۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ تمباکو اور پان کی تشہیر سے عوامی صحت پر منفی اثرات مرتب ہونے کا خدشہ ہے، جبکہ عوامی صحت کا تحفظ اور صحت مند ماحول کا قیام آئینی تقاضا ہے۔
فیصلے کے مطابق تمباکو مصنوعات کی تشہیر کا کوئی مستقل آئینی حق موجود نہیں۔ عدالت نے قرار دیا کہ حکومت کی جانب سے اشتہارات پر پابندی عائد کرنے کے اقدام میں کوئی غیر قانونی بات نہیں پائی گئی۔
عدالت نے مشترکہ مفادات کونسل سے رجوع نہ کرنے سے متعلق آئینی اعتراض بھی مسترد کر دیا۔ فیصلے میں کہا گیا کہ ہر شہری کو کاروبار اور تجارت کرنے کا آئینی حق حاصل ہے، تاہم یہ حق قانون کے دائرے میں استعمال کیا جانا چاہیے۔
عدالت کے مطابق حکومت نے نان اسموکر ہیلتھ آرڈیننس 2002 کے تحت متعلقہ نوٹیفکیشن جاری کیا، جبکہ قومی وزارتِ صحت نے 2010 میں تمباکو اور سگریٹ کی تشہیر پر پابندی عائد کی تھی۔
درخواست گزار کا مؤقف تھا کہ نان اسموکر ہیلتھ آرڈیننس 2002 کے تحت تمباکو سے متعلق معاملات پر قائم کمیٹی کو فیصلہ کرنے کا اختیار حاصل ہے اور حکومتی نوٹیفکیشن قانونی تقاضوں کے مطابق نہیں۔
تاہم عدالت نے درخواست گزار کے اعتراضات مسترد کرتے ہوئے وفاقی حکومت کی جانب سے تمباکو، سگریٹ اور پان کی تشہیر پر پابندی کے نوٹیفکیشن کو برقرار رکھا اور درخواست خارج کر دی۔








