118
پاک افغان سرحد پر سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، 15 خوارج ہلاک
پاک افغان سرحد کے قریب سیکیورٹی فورسز نے پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے 15 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد کے قریب دہشت گردوں کی پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش…
پاک افغان سرحد کے قریب سیکیورٹی فورسز نے پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے 15 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد کے قریب دہشت گردوں کی پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے کارروائی کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی کے دوران 15 دہشت گرد ہلاک ہوئے، جن کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق علاقے میں مزید ممکنہ دہشت گردوں کی موجودگی کے پیش نظر کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں الزام عائد کیا کہ دہشت گردوں کو بھارتی سرپرستی حاصل ہے اور وہ پاکستان میں امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے تھے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ نے افغان طالبان حکومت پر بھی الزام عائد کیا کہ وہ افغان سرزمین کو دہشت گرد تنظیموں کے استعمال سے روکنے اور مؤثر سرحدی انتظام یقینی بنانے میں ناکام رہی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز ملکی سرحدوں کے دفاع اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں، جبکہ دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
واضح رہے کہ دہشت گردوں کی ہلاکت اور کارروائی سے متعلق تفصیلات آئی ایس پی آر کے بیان پر مبنی ہیں۔








