24 ذوالحجة / June 20

پاکستان، افغانستان اور یو اے ای کے درمیان ممکنہ ٹی20 سیریز پر بات چیت کا آغاز

لاہور — پاکستان، افغانستان اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے درمیان تین ملکی ٹی20 کرکٹ سیریز کے انعقاد کے لیے ابتدائی سطح پر بات چیت کا آغاز ہو گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ سیریز یو اے ای میں کرانے کے امکانات پر غور کیا جا رہا ہے، اور اس حوالے سے تینوں بورڈز کے درمیان مشاورت جاری ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ اصل میں اگست میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان تین ٹی20 میچز کی سیریز طے تھی، جو کہ فیوچر ٹور پروگرام (FTP) کا حصہ ہے۔ تاہم اب اس سیریز کو توسیع دے کر ایک سہ ملکی ٹی20 ٹورنامنٹ میں تبدیل کرنے پر غور کیا جا رہا ہے، جس میں متحدہ عرب امارات کو بھی شامل کیا جائے گا۔

ایشیا کپ کی تیاریوں کا حصہ

تینوں کرکٹ بورڈز کے درمیان جاری بات چیت کو ایشیا کپ 2025 کی تیاریوں کا حصہ تصور کیا جا رہا ہے، جس کے یو اے ای میں انعقاد کے امکانات بھی ظاہر کیے جا رہے ہیں۔ اسی لیے مجوزہ سہ ملکی سیریز کو ایشیا کپ سے قبل ایک عملی مشق کے طور پر ترتیب دیا جا رہا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ:

"اس سہ ملکی سیریز کا باضابطہ اعلان جلد متوقع ہے۔ ٹورنامنٹ کے مقاصد میں تینوں ٹیموں کو ایشیا کپ سے قبل بھرپور تیاری کا موقع دینا شامل ہے۔”

پاکستان اور افغانستان کی میزبانی کی صورتحال

ابتدائی شیڈول کے مطابق پاکستان نے افغانستان کے خلاف اگست میں تین ٹی20 میچز کی میزبانی کرنا تھی، تاہم مقام کی تبدیلی اور تیسرے ملک کی شمولیت سے سیریز کی نوعیت بدل سکتی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)، افغانستان کرکٹ بورڈ (اے سی بی)، اور یو اے ای کرکٹ حکام کے درمیان مشاورت حتمی مراحل میں داخل ہو چکی ہے، اور قوی امکان ہے کہ سیریز یو اے ای میں ہی کھیلی جائے گی۔