26 رَبيع الأوّل / September 08

روس اور یوکرین کے درمیان تین روز کے وقفے کے بعد ایک بار پھر باہمی حملوں کا سلسلہ شروع ہوگیا، جس کے نتیجے میں یوکرین کے دارالحکومت کیف میں 2 افراد ہلاک اور 10 زخمی ہوگئے۔

یوکرینی حکام کے مطابق روس کی جانب سے کیف پر ڈرونز اور میزائل حملے کیے گئے، جن میں شہری علاقوں کو بھی نقصان پہنچا۔

یوکرینی فضائیہ کے مطابق فضائی دفاعی نظام نے 142 ڈرونز، 32 کروز میزائلوں میں سے 31 اور 2 بیلسٹک میزائلوں کو مار گرایا۔

دوسری جانب روسی وزارت دفاع نے دعویٰ کیا ہے کہ کیف اور اس کے گردونواح میں فوجی اور لاجسٹک اہداف کو نشانہ بنایا گیا، جبکہ بحیرۂ اسود کی بندرگاہ چورنومورسک میں بھی مختلف اہداف پر حملے کیے گئے۔

ادھر روس کے برائنسک علاقے میں یوکرینی حملے کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور 3 افراد زخمی ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ میں ایک بار پھر حملوں میں تیزی کے باعث دونوں ممالک کے مختلف علاقوں میں شہریوں کی سلامتی اور بنیادی تنصیبات کو لاحق خطرات میں اضافہ ہوگیا ہے۔