5 جُمادى الأولى / October 16

اسلام آباد: انسانی ترقی، عوامی پالیسی اور فلاحی سرگرمیوں کے شعبوں میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں ترقیاتی ماہر لیلیٰ ناز تاج کو دخترانِ پاکستان ایکسی لینس ایوارڈ 2026ء سے نواز دیا گیا۔

ایوارڈ دینے کی تقریب اسلام آباد میں منعقد ہوئی، جس میں چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔

لیلیٰ ناز تاج ہارورڈ بزنس اسکول اور لندن اسکول آف اکنامکس سے فارغ التحصیل ہیں۔ انہیں یہ اعزاز قومی ترقی، انسانی فلاح و بہبود اور عوامی پالیسی کے شعبوں میں خدمات کے اعتراف میں دیا گیا۔

اس موقع پر لیلیٰ ناز تاج نے عزم ظاہر کیا کہ وہ مستقبل میں بھی لگن، اعلیٰ معیار اور بہترین کارکردگی کو اپنا شعار بناتے ہوئے قومی ترقی اور انسانیت کی فلاح و بہبود کے لیے کام جاری رکھیں گی۔

دخترانِ پاکستان ایکسی لینس ایوارڈ کا مقصد مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی خواتین کی خدمات کو تسلیم کرنا اور ان کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔

یہ ایوارڈ پاکستان پاورٹی ایلیویشن فنڈ نے وزارتِ تخفیفِ غربت، وزارتِ دفاع، وزارتِ قومی ورثہ اور اسلام آباد سینٹر فار نیشنل کوہیژن اینڈ آؤٹ ریچ کے اشتراک سے پیش کیا۔

تقریب میں خواتین کی خدمات کو سراہنے اور قومی ترقی میں ان کے کردار کو اجاگر کرنے کی اہمیت پر توجہ دی گئی۔