22 رَبيع الأوّل / September 04

اسلام آباد میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش کے باعث مختلف سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا، جبکہ مسلسل بارش کے باعث دارالحکومت میں شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

اسلام آباد میں گزشتہ دو روز سے جاری بارش کے باعث کئی علاقوں میں جل تھل کی صورتحال پیدا ہوگئی۔ مالاکنڈ اور گردونواح میں بھی بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال اور جہلم میں 5 ستمبر کے دوران مزید شدید بارشوں کا امکان ہے، جبکہ بالائی خیبر پختونخوا کے لیے بھی موسلادھار بارشوں کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ممکنہ ہنگامی صورتحال کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔ مقامی انتظامیہ کو بھی شہریوں کے تحفظ کے لیے ضروری حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

دوسری جانب گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کے باعث ممکنہ سیلاب کا خطرہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے ممکنہ سیلاب کے حوالے سے الرٹ جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ مون سون بارشوں اور درجہ حرارت میں اضافے کے باعث گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق غذر، ہنزہ، نگر، شگر، گلگت، روندو، دیامر اور استور کے علاقے ممکنہ خطرات کے حوالے سے حساس قرار دیے گئے ہیں۔

متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ صورتحال کی مسلسل نگرانی کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضروری انتظامات مکمل رکھیں۔