22 رَبيع الأوّل / September 04

کراچی بار ایسوسی ایشن نے مہنگائی اور پیٹرولیم لیوی کے خلاف جماعتِ اسلامی اور تاجروں کی جانب سے اعلان کردہ ہڑتال کی حمایت کرتے ہوئے پُرامن احتجاجی ریلی نکالنے کا اعلان کیا ہے۔

کراچی بار ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق سندھ ہائی کورٹ سے کراچی پریس کلب تک مہنگائی کے خلاف پُرامن ریلی نکالی جائے گی۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ہڑتال اور پبلک ٹرانسپورٹ کی عدم دستیابی کے باعث وکلا اور سائلین کو عدالت پہنچنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

کراچی بار نے عدالت سے درخواست کی ہے کہ ہڑتال کے باعث وکلا یا سائلین کی غیر حاضری کی صورت میں ان کے خلاف کوئی سخت حکم جاری نہ کیا جائے۔

واضح رہے کہ جماعتِ اسلامی نے پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف ملک گیر ہڑتال کی کال دی ہے۔

لاہور میں احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعتِ اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک جانب مذاکرات کیے جا رہے ہیں جبکہ دوسری جانب سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا تھا کہ ہڑتال کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔ ان کے مطابق پیٹرولیم لیوی کے خلاف احتجاج جاری رہے گا اور عوامی مسائل کو اجاگر کرنے کے لیے جدوجہد بھی جاری رکھی جائے گی۔

کراچی بار ایسوسی ایشن کی جانب سے ریلی کے اعلان کے بعد کراچی میں احتجاجی سرگرمیوں اور عدالتی امور پر اس کے ممکنہ اثرات بھی اہمیت اختیار کر گئے ہیں۔