22 رَبيع الأوّل / September 04

پشاور کے علاقے بڈھ بیر میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کی کارروائی کے دوران 4 مبینہ دہشت گرد ہلاک ہوگئے، جبکہ اسلحہ اور دھماکا خیز مواد برآمد کیے جانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

سی ٹی ڈی کے مطابق کارروائی کے دوران ہلاک ہونے والے مبینہ دہشت گردوں کے قبضے سے 3 ایس ایم جیز، ایک پستول اور دھماکا خیز مواد برآمد ہوا ہے۔

حکام کے مطابق ایک ہلاک دہشت گرد کی جیب سے افغان شناختی کارڈ بھی ملا ہے، جس کی بنیاد پر مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران فرار ہونے والے مبینہ ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔

دوسری جانب پشاور کے علاقے داؤد زئی کی وزیر قلعہ چوکی پر مسلح افراد کی فائرنگ کا واقعہ بھی پیش آیا، جس کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔

زخمی پولیس اہلکاروں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ واقعے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کردی گئی اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔

واضح رہے کہ دہشت گردوں کی ہلاکت، برآمدگیوں اور شناخت سے متعلق تفصیلات سی ٹی ڈی کے مؤقف پر مبنی ہیں۔