118
پنجاب میں ڈی جی پی آر کی تنظیمِ نو کا فیصلہ، میڈیا واجبات کی فوری ادائیگی کی ہدایت
وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے میڈیا کے واجبات کی ادائیگی کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے ڈائریکٹوریٹ جنرل پبلک ریلیشنز پنجاب (ڈی جی پی آر) کی تنظیمِ نو کا حکم دے دیا۔ وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیرِ صدارت اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزیرِ اطلاعات و ثقافت عظمیٰ بخاری نے…
وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے میڈیا کے واجبات کی ادائیگی کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے ڈائریکٹوریٹ جنرل پبلک ریلیشنز پنجاب (ڈی جی پی آر) کی تنظیمِ نو کا حکم دے دیا۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیرِ صدارت اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزیرِ اطلاعات و ثقافت عظمیٰ بخاری نے ڈی جی پی آر کی کارکردگی اور دیگر امور سے متعلق بریفنگ دی۔
اجلاس میں وزیرِ اعلیٰ نے ڈی جی پی آر کی کارکردگی جانچنے کے لیے تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن پر زور دیا اور ادارے کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی ہدایت کی۔
مریم نواز نے ڈی جی پی آر ہیڈکوارٹرز کے لیے نئی عمارت کی منظوری بھی دے دی۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام تک بروقت اور درست معلومات کی رسائی یقینی بنانے کے لیے جدید دور کے تقاضوں کو اپنانا ضروری ہے۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ حکومت ڈی جی پی آر کو جدید تقاضوں کے مطابق فعال اور مؤثر ادارہ بنانا چاہتی ہے، جبکہ اطلاعات کی فراوانی کے موجودہ دور میں درست اور غلط معلومات میں فرق واضح کرنا بھی اہم ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ عوام کو حکومت کے فلاحی اقدامات اور عوامی منصوبوں سے مؤثر انداز میں آگاہ رکھا جائے تاکہ انہیں درست معلومات بروقت فراہم کی جا سکیں۔
اجلاس میں میڈیا کے زیرِ التوا واجبات کا معاملہ بھی زیرِ غور آیا، جس پر وزیرِ اعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ادائیگی کے لیے فوری اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔








