15 رَبيع الأوّل / August 28

کوئٹہ: حکومتِ بلوچستان نے 9 انتہائی مطلوب خواتین کے بارے میں معلومات فراہم کرنے والوں کے لیے 10 سے 15 لاکھ روپے تک انعام مقرر کر دیا۔

معاون وزیرِ داخلہ برائے میڈیا امور بابر یوسفزئی کے مطابق حکومت نے مطلوب خواتین کے بارے میں معلومات فراہم کرنے کی اپیل کرتے ہوئے ان کی گرفتاری میں مدد دینے والوں کو انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔

بابر یوسفزئی نے بتایا کہ مطلوب خواتین کا تعلق گوادر، جیوانی اور تربت سے ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان خواتین کے بارے میں درست معلومات فراہم کرنے یا ان کی نشاندہی میں مدد دینے والے افراد کی شناخت مکمل طور پر خفیہ رکھی جائے گی۔

معاون وزیرِ داخلہ کے مطابق حکومتِ بلوچستان نے مذکورہ خواتین کو انتہائی مطلوب قرار دیا ہے اور شہریوں سے اپیل کی ہے کہ ان کے بارے میں کسی بھی قابلِ اعتماد معلومات سے متعلق حکام کو آگاہ کیا جائے۔

حکومت کی جانب سے اعلان کردہ انعام کی رقم مطلوب خواتین کے بارے میں فراہم کی جانے والی معلومات اور ان کی گرفتاری میں معاونت کی نوعیت کے مطابق 10 سے 15 لاکھ روپے تک مقرر کی گئی ہے۔