12 رَبيع الأوّل / August 25

تہران: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے ہمراہ ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے انتہائی مثبت اور نتیجہ خیز ملاقات ہوئی، جس میں ایران امریکا تنازع، خطے کی صورتحال اور جاری کشیدگی کے خاتمے کے لیے آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

محسن نقوی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں بتایا کہ ملاقات کے دوران اسلام آباد مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) کی بحالی کے لیے ضروری اقدامات پر بھی بات چیت ہوئی، جس کا مقصد جاری تنازع کے جامع حل کی راہ ہموار کرنا ہے۔

وزیر داخلہ کے مطابق ملاقات میں مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور موجودہ صورتحال کے تناظر میں آئندہ کی حکمت عملی پر بھی گفتگو کی گئی۔

محسن نقوی نے کہا کہ ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے اپنی حکومت کا مؤقف اور تحفظات کھل کر بیان کیے، جبکہ ملاقات میں تمام متعلقہ امور پر تعمیری اور مثبت تبادلۂ خیال ہوا۔

انہوں نے بتایا کہ ملاقات میں اہم پیش رفت ہوئی اور اجلاس انتہائی مثبت ماحول میں اختتام پذیر ہوا۔

وفاقی وزیر داخلہ نے امید ظاہر کی کہ ہونے والی پیش رفت خطے میں مزید سفارتی پیش رفت اور پائیدار امن کی راہ ہموار کرنے میں معاون ثابت ہوگی۔

پاکستان کی جانب سے ایران امریکا تنازع کے حل کے لیے سفارتی کوششوں کو آگے بڑھانے کا عمل ایسے وقت میں جاری ہے جب خطے میں کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات کے ذریعے مسائل حل کرنے پر توجہ دی جا رہی ہے۔