12 رَبيع الأوّل / August 25

تہران: ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل حسین محبی نے امریکا کی جانب سے ایران پر معاشی دباؤ بڑھانے کے اعلان کو فوجی محاذ پر ناکامی کا بالواسطہ اعتراف قرار دیا ہے۔

بریگیڈیئر جنرل حسین محبی کے مطابق اگر امریکا فوجی محاذ پر کامیاب ہوچکا ہوتا تو اسے ایران کے خلاف معاشی دباؤ اور پابندیوں کی بات کرنے کی ضرورت پیش نہ آتی۔

ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے ترجمان نے کہا کہ ایران نے امریکا کی جانب سے کسی بھی ممکنہ دشمن کارروائی سے نمٹنے کے لیے پہلے ہی مختلف منصوبے تیار کر رکھے ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ ایران اپنی معیشت کے حوالے سے پریشان نہیں اور امریکی معاشی دباؤ کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

حسین محبی کا کہنا تھا کہ ایران کی جانب سے کیے جانے والے متعلقہ اقدامات کے اثرات وقت کے ساتھ واضح ہوجائیں گے۔

ایرانی حکام کے حالیہ بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب امریکا کی جانب سے تہران پر اقتصادی دباؤ مزید بڑھانے اور نئی پابندیاں عائد کرنے کے اعلانات کیے جا رہے ہیں۔

امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث خطے میں ممکنہ سیاسی، معاشی اور عسکری ردِعمل پر عالمی سطح پر بھی نظر رکھی جا رہی ہے۔