9 رَبيع الأوّل / August 22

اسلام آباد: بانیٔ پی ٹی آئی کی شفاء انٹرنیشنل اسپتال منتقلی کے معاملے پر پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) نے سپریم کورٹ میں توہینِ عدالت کی درخواست دائر کردی۔

درخواست سپریم کورٹ میں پی ٹی آئی کے وکلا عزیر بھنڈاری اور سلمان اکرم راجہ کی جانب سے دائر کی گئی۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے 18 اگست 2026 کے حکم کی مبینہ خلاف ورزی کی گئی، جس پر متعلقہ ذمہ داران کے خلاف توہینِ عدالت کی کارروائی شروع کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔

پی ٹی آئی نے درخواست میں عدالت سے استدعا کی ہے کہ مبینہ طور پر حکم کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کو شوکاز نوٹس جاری کیے جائیں اور ان کی ذاتی حاضری کا حکم دیا جائے۔

درخواست میں مزید استدعا کی گئی ہے کہ جواب دہندگان کو توہینِ عدالت کا مرتکب قرار دے کر قانون کے مطابق سزا دی جائے۔

پی ٹی آئی کی جانب سے سپریم کورٹ سے یہ بھی درخواست کی گئی ہے کہ بانیٔ پی ٹی آئی کو فوری طور پر شفاء انٹرنیشنل اسپتال اسلام آباد منتقل کرکے طبی معائنہ کرایا جائے اور عدالتی حکم پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

درخواست میں عدالتی حکم پر عملدرآمد کی نگرانی کے لیے عدالتی افسر کی تعیناتی یا لوکل کمیشن مقرر کرنے کی بھی استدعا کی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق خالد یوسف چوہدری اور سابق وزیراعظم آزاد کشمیر عبدالقیوم نیازی بھی درخواست دائر کرنے کے لیے سپریم کورٹ پہنچے۔

مزید تازہ سیاسی، عدالتی اور ملکی خبروں کے لیے ڈیجیٹل آواز نیوز سے جڑے رہیں۔