9 رَبيع الأوّل / August 22

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جنوبی کیرولائنا میں انتخابی ریلی کے دوران ایک شخص نے تقریر میں خلل ڈالا، جسے پولیس اور کنونشن سینٹر کے عملے نے باہر نکال دیا۔

امریکی میڈیا کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ جنوبی کیرولائنا کے سینیٹ انتخاب کے لیے ڈارلین گراہم کی انتخابی مہم کے سلسلے میں مرٹل بیچ کنونشن سینٹر میں موجود تھے، جہاں انہوں نے اپنے حامیوں سے امیدوار کی حمایت میں ووٹ دینے کی اپیل کی۔

رپورٹس کے مطابق جمعے کی شام تقریباً 7 بج کر 28 منٹ پر ایک شخص اچانک کھڑا ہوگیا اور صدر ٹرمپ کی تقریر میں خلل ڈالنے لگا۔ پولیس اور کنونشن سینٹر کے عملے نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اسے ہال سے باہر نکال دیا۔

امریکی میڈیا کے مطابق جب پولیس اہلکار مظاہرہ کرنے والے شخص کو باہر لے جا رہے تھے تو ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی تقریر کچھ دیر کے لیے روک دی اور صورتحال کی جانب متوجہ ہوئے۔

ٹرمپ نے مائیک پر کہا کہ کوئی بات نہیں، وہ شخص اپنی والدہ کے گھر جا رہا ہے اور اسے ڈانٹ پڑے گی، کیونکہ اس کی والدہ ٹرمپ کو ووٹ دے رہی ہیں۔

امریکی میڈیا کے مطابق صدر ٹرمپ نے یہ جملے کہنے کے بعد اپنی تقریر دوبارہ شروع کردی۔

رپورٹس کے مطابق احتجاج کرنے والے شخص نے سیاہ رنگ کی شرٹ پہن رکھی تھی، جس پر بچوں کے جنسی استحصال کے مرتکب افراد کے خلاف سخت نعرہ درج تھا۔

واقعے کے بعد پولیس نے مظاہرہ کرنے والے شخص کو کنونشن سینٹر سے باہر منتقل کردیا، جبکہ صدر ٹرمپ نے اپنی انتخابی تقریر جاری رکھی۔