22 مُحَرَّم / July 17

ایران: شوریٰ نگہبان نے آئی اے ای اے سے تعاون معطل کرنے کی توثیق کر دی

ایران کی شوریٰ نگہبان نے عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) سے تعاون معطل کرنے کے بل کی توثیق کر دی ہے، جس کے بعد اس بل پر عمل درآمد لازم ہو گیا ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ اب یہ قانون نافذ العمل ہو چکا ہے اور ایران اس کے نفاذ کا پابند ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آئی اے ای اے کے ساتھ ایران کا تعلق ایک نئی شکل اختیار کرے گا۔

واضح رہے کہ 25 جون کو ایرانی پارلیمنٹ نے یہ بل منظور کیا تھا، جس کے تحت آئی اے ای اے کے ساتھ ایران کا تعاون معطل کر دیا جائے گا۔ ایرانی میڈیا کے مطابق، پارلیمانی کمیٹی نے اس بل کی منظوری امریکی اور اسرائیلی جارحیت کے جواب میں دی، جس کے بعد بل پارلیمنٹ میں پیش کیا گیا۔

ترجمان کے مطابق بل کے حق میں 221 ووٹ ڈالے گئے، کسی بھی رکن نے اس کی مخالفت نہیں کی، جبکہ ایک رکن پارلیمنٹ نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔ بل کی حتمی منظوری اب ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل دے گی۔