10 ذوالقعدة / May 08

پاک بھارت کشیدگی کے بعد فضائی آپریشن جزوی طور پر بحال، مسافروں کو مشکلات کا سامنا

اسلام آباد — پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی کے باعث بند کیے گئے فضائی آپریشن کو آٹھ گھنٹوں کی معطلی کے بعد جزوی طور پر بحال کر دیا گیا ہے۔ اس بندش کے باعث متعدد ملکی اور بین الاقوامی پروازوں کا شیڈول شدید متاثر ہوا، جبکہ مسافروں کو مختلف ایئرپورٹس پر طویل انتظار اور پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

حکام کے مطابق، لاہور اور کراچی ایئرپورٹس سے مختلف پروازوں کی روانگی اور آمد کا سلسلہ دوبارہ شروع کر دیا گیا ہے۔ قومی ایئر لائن پی آئی اے کی پرواز PK-842 جدہ سے کراچی پہنچنے کے بعد لاہور روانہ ہو گئی ہے، جبکہ ایک نجی ایئر لائن کی پرواز PK-401 لاہور سے کراچی کے لیے روانہ کی گئی ہے۔

بین الاقوامی فضائی آپریشن بھی جزوی طور پر بحال ہو چکا ہے۔ ای وائی 323 مسقط سے، ای کے 600 اور ایف زیڈ 333 دبئی سے کراچی پہنچنے والی پروازوں میں شامل ہیں۔ شارجہ سے پرواز جی 9542 کو بھی کراچی بھیج دیا گیا ہے۔ ازبکستان ایئر کی پرواز HY-461 تاشقند سے لاہور پہنچ چکی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ رات کراچی، لاہور، اسلام آباد، سیالکوٹ اور ملتان کے ایئرپورٹس سے تقریباً 30 پروازیں متبادل ایئرپورٹس پر منتقل کی گئیں۔ اب بھی کئی پاکستانی ایئر لائنز کے طیارے شارجہ، دبئی اور دیگر غیر ملکی ایئرپورٹس پر موجود ہیں۔

ادھر ملائیشیا اور تھائی لینڈ سے لاہور آنے والی دو بین الاقوامی پروازیں گزشتہ رات سے لاہور ایئرپورٹ پر پھنسی ہوئی ہیں۔ اسلام آباد ایئرپورٹ پر گزشتہ 12 گھنٹوں کے دوران نہ کوئی پرواز روانہ ہوئی اور نہ ہی کوئی طیارہ وہاں سے اڑا۔ اسی طرح پشاور، سیالکوٹ، کوئٹہ اور ملتان ایئرپورٹس پر بھی تاحال فضائی آپریشن بحال نہیں ہو سکا۔

دوسری جانب، بھارت کی ازبکستان ایئر کی پرواز HY-423 تاشقند سے لاہور کی فضائی حدود سے گزرتے ہوئے دہلی پہنچ گئی۔ بھارت کے امرتسر، جموں اور سری نگر ایئرپورٹس کا فلائٹ آپریشن تاحال معطل ہے، جبکہ دہلی، ممبئی اور احمد آباد کے ہوائی اڈے معمول کے مطابق فعال ہیں۔

یاد رہے کہ حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں پاکستان نے لاہور اور کراچی کی فضائی حدود کو 48 گھنٹوں کے لیے بند کر دیا تھا، جس کے بعد ملکی اور غیر ملکی فضائی ٹریفک میں شدید خلل پیدا ہوا۔ تاہم اب بتدریج آپریشن کی بحالی کا عمل شروع ہو چکا ہے۔