1 ذوالقعدة / April 29

اسلام آباد ( )
پی ایف یو جے نے پاکستان میں پیکا

ایکٹ کے تحت درج ہونے والے مقدمات اور گرفتاریوں جبکہ حکومت آزاد کشمیر کی جانب سے روزنامہ جموں کشمیر کیخلاف مقدمہ درج کرنے اور بندش کی سازش کیخلاف تین روزہ “ آزادئ صحافت مہم “ کا اعلان کر دیا ہے جبکہ سنٹرل یونین آف جرنلسٹس ، کشمیر جرنلسٹس فورم، یونین آف جرنلسٹس اور اے کے این ایس سمیت آزاد کشمیر کے پریس کلبوں و دیگر تنظیموں نے پریس فریڈم مہم کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔ پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے صدر افضل بٹ اور سیکرٹری جنرل ارشد انصاری نے کہا ہے کہ تین روزہ آزادئ صحافت مہم کے سلسلہ میں 15 اپریل کو یوم سیاہ منایا جائے گا۔ پاکستان و آزاد کشمیر کے تمام پریس کلبوں پر 15 اپریل کو سیاہ پرچم لہرائے و مظاہرے کئے جائیں گے ، یوم سیاہ کے دوران پاکستان میں پیکا ایکٹ اور آزاد کشمیر حکومت کی میڈیا کش پالیسیوں کی مذمت کی جائے گی۔ آزادئ صحافت مہم کے دوسرے روز 16 اپریل کو روزنامہ جموں کشمیر پر مقدمہ کیخلاف پریس فریڈم مارچ کیا جائے گا۔ یہ پریس فریڈم مارچ NPC اسلام آباد سے قانون ساز اسمبلی مظفر آباد آزاد کشمیر تک ہو گا۔ افضل بٹ اور ارشد انصاری نے مزید کہا ہے کہ بدھ کو صبح 9 بجے نیشنل پریس کلب اسلام آباد سے شروع ہونے والے پریس فریڈم مارچ میں سینکڑوں صحافی و میڈیا ورکرز شریک ہوں گے، علاوہ ازیں میر پور ، بھمبر و ضلع کوٹلی کے پریس کلبوں و سنٹرل یونین آف جرنلسٹس آزادکشمیر کے قافلے بھی نیشنل پریس کلب اسلام آباد سے مارچ میں شریک ہوں گے اور براستہ مری کوہالہ پہنچیں گے جہاں پونچھ ڈویژن کے اضلاع راولا کوٹ، باغ ، سدھنوتی اور حویلی کے قافلے بھی پریس فریڈم مارچ میں شامل ہو جائیں گے اور قائدین کا خطاب ہو گا ، بعد ازاں پریس فریڈم مارچ آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی مظفر آباد کے سامنے پہنچے گا جہاں مظفر آباد ڈویژن کے اضلاع نیلم ویلی ، جہلم ویلی اور مظفر آباد کے قافلے بھی مارچ کا حصہ بن جائیں اور یہ مارچ پریس فریڈم دھرنے میں تبدیل ہو جائے گا۔ پی ایف یو جے کی قیادت نے مزید کہا ہے کہ پاکستان و آزاد کشمیر کے طول وعرض سے پہنچنے والےصحافی 16 اپریل کو مظفر آباد اسمبلی کے سامنے 24 گھنٹوں کیلئے پریس فریڈم دھرنا دیں گے جبکہ 17 اپریل کو احتجاجی جلسہ ہو گا جس میں سیاسی، سماجی ، تاجر اور صحافی رہنما خطاب کریں گے اور آئندہ لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔