1 ذوالقعدة / April 29

سعودی عرب میں شوال 1446 ہجری کا چاند نظر آ گیا ہے، جس کے بعد مملکت میں عید الفطر کل، بروز اتوار، 30 مارچ 2025 کو منائی جائے گی۔  شاہی دیوان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شوال کا چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئیں، جس کی بنیاد پر عید الفطر کا اعلان کیا گیا۔

سعودی عرب کے مختلف شہروں، بشمول سدیر، مکہ، مدینہ، تبوک، اور دمام میں رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس منعقد ہوئے، جہاں چاند دیکھنے کی کوشش کی گئی۔  سعودی سپریم کورٹ نے بھی عوام سے شوال کا چاند دیکھنے کی اپیل کی تھی۔

متحدہ عرب امارات، قطر، کویت، بحرین، اور امریکہ میں بھی شوال کا چاند نظر آ گیا ہے، اور ان ممالک میں بھی عید الفطر کل منائی جائے گی۔

دوسری جانب، عمان، ایران، بھارت، بنگلہ دیش، انڈونیشیا، اور ملائیشیا میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا، لہٰذا ان ممالک میں عید الفطر پیر، 31 مارچ کو منائی جائے گی۔

پاکستان میں شوال کا چاند دیکھنے کے لیے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کل، 30 مارچ کو منعقد ہوگا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق، پاکستان میں شوال کا چاند نظر آنے کا قوی امکان ہے، اور عید الفطر 31 مارچ بروز پیر کو ہونے کا امکان ہے۔ ؎

عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے مرکزی صدر ایمل ولی خان نے سعودی عرب کے ساتھ اتوار کو عید منانے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے تمام کارکنوں اور ساتھیوں سے اپیل کی ہے کہ اس عید کو سادگی سے منائیں اور موجودہ حالات کے پیش نظر بڑے اجتماعات سے گریز کریں۔

تمام مسلمانوں کو عید الفطر کی پیشگی مبارکباد۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کی عبادات کو قبول فرمائے اور ہمیں عید کی خوشیوں سے نوازے۔