11 جُمادى الأولى / November 14

وزیراعظم شہبازشریف نے تقریب کے موقع پر کامیڈین شفاعت علی کو اپنی نقل اتارنے کے لیے اسٹیج پر بلا لیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر خاصی وائرل ہورہی ہے۔

وزیراعطم شہباز شریف نے اذلان شاہ ٹورنامنٹ کھیلنے والے کھلاڑیوں کے اعزاز میں رکھی گئی تقریب سے خطاب کیا جس میں شفاعت علی بھی موجود تھے۔

اسٹیج پر بلائے جانے کے بعد کامیڈین شفاعت علی نے شہبازشریف کی فرمائش پر ان کے لہجے کی نقل اتاری جس پر ہال قہقہوں اورتالیوں سے گونج اٹھا ۔

وزیراعظم اور کامیڈین کے مکالمے سے شرکا ہنس ہنس کے لوٹ پوٹ ہوگئے جب کہ کامیڈین اور وزیر اعظم بھی اپنی ہنسی روک نہ سکے۔

نامور شخصیات اورسیاستدانوں کی نقالی سے شہرت پانے والے شفاعت علی وزیراعظم کے سامنے نروس ہوگئے۔

وزیر اعظم ان سے کہا کہ ‘شفاعت صاحب آپ کی مہربانی لیکن آج آپ نے کوئی چٹکلہ نہیں سنایا،آئیں چٹکلہ تو سنائیں’ ۔

شفاعت نے جواب دیا کہ ‘سرآپ نے بہت مشکل کردیا ‘، وزیر اعظم نے کہا کہ ‘بھئی مجھ پر رحم کریں، باقی جو مرضی کریں ، چلیں جو مجھ پر کیا تھا، وہیں کردیں’۔

وزیراعظم نے مسکراتے ہوئے کامیڈین شفاعت علی کی حوصلہ افزائی کی، وزیراعظم کے لہجے میں وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان کو مخاطب کرتے ہوئے شفاعت علی نے کہاکہ ‘رانا صاحب ایک ہفتے میں یہ بچے بھرتی نظر نہ آئے تو پھر ایک میٹنگ ہوگی جس میں دیگر باتیں ہوں گی لیکن سپورٹس پر بات نہیں ہوگی’۔

شفاعت علی کی جانب سے وزیراعظم کی نقل اتارنے پر پر وزیراعظم شہبازشریف، رانا مشہود اور وزیراطلاعات عطا تارڑ سمیت ہال میں موجود تمام افراد نےبے ساختہ قہقہے لگائے۔

شرکا نے تبصرہ کیا کہ اپنی موجودگی میں وزیراعظم نے کامیڈین کی میمکری کراکے کھلے دِل، خود پر تنقید اور ٹینلٹ کی حوصلہ افزائی کی روایت قائم کی ۔