11 جُمادى الأولى / November 14

امریکا کی زیادہ تر ریاستوں میں موسم کی شدت کے سبب نظام زندگی متاثر ہے، مختلف مقامات پر حادثات میں 6 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے، مختلف ہوائی اڈوں سے داخلی اور بیرون ممالک تقریباً دس ہزار پروازیں منسوخ یا التواء کا شکار ہوچکی ہیں۔

امریکا کی بعض ریاستوں میں درجۂ حرارت معمول سے بیس سے چالیس ڈگری کم ہوگیا ہے جس کے سبب امریکا کے 80 فیصد شہری نقطہ انجماد سے نیچے درجہ حرارت برداشت کرنے پر مجبور ہیں۔

تیز ہواؤں کے جھکڑ اور برفباری کا سامنا کرنیوالی ریاست اوریگن میں چار اموات ہوئی ہیں جہاں 90 ہزار شہری بجلی سے محروم ہیں۔

ریاست یوٹاہ میں ٹریفک حادثے میں ایک شخص ہلاک ہوگیا، ریاست میں چار فٹ تک برف پڑچکی ہے۔

واؤمنگ میں برف کا تودہ گرنے سے ایک شخص ہلاک ہوا، ریاست مونٹانا میں سرد ہواؤں کے سبب درجہ حرارت منفی چالیس تک گر گیا ہے جبکہ ریاست ٹیکساس میں جہاں سن دوہزار اکیس میں طوفان کے سبب 246 افراد ہلاک ہوئے تھے، شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ بجلی کا غیر ضروری استعمال نہ کریں تاکہ سپلائی برقرار رہے۔

ریاست فلوریڈا کے بعض حصوں میں بھی درجۂ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے گرنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

پچھلے تین روز میں منسوخ یا التواء کا شکار پروازوں کی تعداد 20 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔