12 جُمادى الأولى / November 15

اسرائیلی فوج نے جنوبی غزہ میں اپنے ایک فوجی کی ہلاکت کا اعتراف کرلیا۔

عرب میڈیا کے مطابق غزہ میں جنگ کے دوران ہلاک ہونے والے اسرائیلی فوجیوں کی تعداد 186 ہوگئی ہے۔

دوسری جانب مغربی کنارے میں یہودی آبادکاروں کے فلسطینیوں کی املاک پر حملے جاری ہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق رام اللہ کے شمال میں یہودی آبادکاروں نے فلسطینیوں کی گاڑیوں پر حملہ کیا جبکہ نابلس، طولکرم اور قلقیلیہ میں بھی یہودی آبادکاروں نے فلسطینیوں کی املاک کو نشانہ بنایا۔

عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج کی مغربی کنارے کے مختلف شہروں میں چھاپا مار کارروائیاں بھی جاری ہیں۔

اسرائیلی فوج نے رام اللہ، الخلیل اور اریحا کے علاقوں میں کارروائیاں کیں۔ قلقیلیہ اور رام اللہ سے کئی فلسطینیوں کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔

علاوہ ازیں اسرائیلی ایلیٹ یونٹ کو غزہ سے مغربی کنارے میں تعینات کردیا گیا ہے۔

اسرائیلی فوج کے مطابق بے قابو ہوتے حالات کے باعث مغربی کنارے میں ایلیٹ یونٹ کی ضرورت ہے۔

واضح رہے کہ 7 اکتوبر سے اب تک شہدا کی تعداد 24 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ 60 ہزار 317 سے زائد افراد زخمی ہو چکے ہیں۔