118
پائلٹ کی طبیعت بگڑنے پر دوحہ سے بنگلورو جانے والی پرواز مسقط اتار دی گئی
دوحہ سے بنگلورو جانے والی بھارتی نجی ایئر لائن انڈیگو کی پرواز کو دورانِ پرواز پائلٹ کی طبیعت اچانک خراب ہونے کے باعث مسقط کی جانب موڑ دیا گیا۔ بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق پرواز آج صبح دوحہ سے بنگلورو کے لیے روانہ ہوئی تھی، تاہم دورانِ پرواز پائلٹ کو فوری طبی امداد کی…
دوحہ سے بنگلورو جانے والی بھارتی نجی ایئر لائن انڈیگو کی پرواز کو دورانِ پرواز پائلٹ کی طبیعت اچانک خراب ہونے کے باعث مسقط کی جانب موڑ دیا گیا۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق پرواز آج صبح دوحہ سے بنگلورو کے لیے روانہ ہوئی تھی، تاہم دورانِ پرواز پائلٹ کو فوری طبی امداد کی ضرورت پیش آئی، جس کے بعد طیارے کا رخ مسقط کی جانب موڑنے کا فیصلہ کیا گیا۔
طیارے کو بحفاظت مسقط ایئرپورٹ پر اتارا گیا، جہاں طبی عملے نے پائلٹ کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔ بعد ازاں پائلٹ کو مزید طبی معائنے اور علاج کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ایئر لائن کے مطابق پائلٹ کی حالت اب بہتر ہے۔ مسافروں کو ان کی منزل بنگلورو پہنچانے کے لیے متبادل طیارے اور نئے عملے کا انتظام کیا جا رہا ہے، جبکہ بنگلورو سے ایک امدادی پرواز مسقط بھیجی جا رہی ہے۔
ایئر لائن کا کہنا ہے کہ مسقط ایئرپورٹ پر موجود مسافروں کو کھانے پینے کی اشیا فراہم کی جا رہی ہیں اور انہیں پرواز کی صورتحال سے باقاعدگی سے آگاہ کیا جا رہا ہے۔
انڈیگو نے مسافروں کو پیش آنے والی زحمت پر معذرت کرتے ہوئے کہا کہ مسافروں، عملے اور طیارے کی حفاظت ایئر لائن کی اولین ترجیح ہے۔








