1 ذوالقعدة / April 29

وزیراعظم کا قومی کرکٹ ٹیم کو چیمپئنز ٹرافی میں شاندار کارکردگی کا ہدف

لاہور: وزیراعظم شہباز شریف نے قومی کرکٹ ٹیم کو چیمپئنز ٹرافی میں بہترین کارکردگی دکھانے اور قوم کی توقعات پر پورا اترنے کا ہدف دے دیا۔

وزیراعظم نے جمعہ کو نو تعمیر شدہ قذافی اسٹیڈیم کا افتتاح کیا، جہاں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، وزرا، کرکٹرز اور شائقین کی بڑی تعداد موجود تھی۔ اپنے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ اسٹیڈیم کی تعمیر نو جدید تقاضوں کے مطابق کی گئی ہے، جو کہ کرکٹ کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گی۔

انہوں نے قومی کرکٹ ٹیم کی حالیہ کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہمارے کھلاڑیوں نے ہمیشہ بہترین کرکٹ کھیلی اور قوم کے دل جیتے ہیں۔ بابر اعظم، محمد رضوان اور شاہین آفریدی جیسے کھلاڑیوں سے بڑی امیدیں وابستہ ہیں، اور پوری قوم چیمپئنز ٹرافی میں ان کی کامیابی کے لیے دعاگو ہے۔

وزیراعظم نے چیمپئنز ٹرافی میں قومی ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شاہین آفریدی سے امید ہے کہ وہ شاندار باؤلنگ سے حریف ٹیموں کے لیے مشکلات پیدا کریں گے۔

واضح رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 19 فروری سے کراچی میں شروع ہو رہی ہے، جبکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑا مقابلہ 23 فروری کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔