1 ذوالقعدة / April 29

فیفا کلب ورلڈ کپ میں پاکستانی کھلاڑی کی تاریخی انٹری، حارث زیب آکلینڈ سٹی کا حصہ بن گئے

فیفا کلب ورلڈ کپ میں پہلی بار کسی پاکستانی نژاد فٹبالر کی شمولیت ہونے جا رہی ہے، جہاں نوجوان کھلاڑی حارث زیب نیوزی لینڈ کے معروف فٹبال کلب آکلینڈ سٹی کی نمائندگی کریں گے۔

آکلینڈ سٹی نے اوشیانا چیمپئنز لیگ جیت کر فیفا کلب ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کیا ہے اور اس ٹورنامنٹ میں اس کا مقابلہ جرمنی کے بائرن میونخ، ارجنٹائن کے بوکا جونیئرز اور پرتگال کے بینفیکا جیسے بڑے کلبز سے ہوگا۔

حارث زیب – پاکستان کی فٹبال دنیا میں نئی امید

23 سالہ حارث زیب ایک باصلاحیت ونگر ہیں، جنہیں 2023 میں چار ملکی ٹورنامنٹ کے لیے پاکستان کی قومی ٹیم میں منتخب کیا گیا تھا، تاہم انجری کے باعث وہ ماریشس میں ہونے والا ایونٹ نہیں کھیل سکے۔

2001 میں نیوزی لینڈ میں پیدا ہونے والے حارث پاکستان اور نیوزی لینڈ کی دہری شہریت رکھتے ہیں، جس کی بدولت وہ پاکستانی ٹیم کی نمائندگی کے اہل ہیں۔ وہ پہلے ہی پاکستان فٹبال فیڈریشن کو اپنی دستیابی سے آگاہ کر چکے ہیں اور مستقبل میں قومی ٹیم کے لیے کھیلنے کا عزم رکھتے ہیں۔

آکلینڈ سٹی کے ساتھ نئے سفر کا آغاز

آکلینڈ سٹی کے ساتھ پری سیزن ٹریننگ شروع کرنے والے حارث زیب فیفا کلب ورلڈ کپ میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کے لیے پرعزم ہیں۔ ان کی شمولیت نہ صرف پاکستانی فٹبالرز کے لیے ایک بڑی امید ہے بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کے نئے دروازے کھول سکتی ہے۔