12 جُمادى الأولى / November 15

یوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرانے کا فیصلہ کیا تھا۔

کرائسٹ چرچ میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کی جانب سے دیے گئے 159 رنز کا ہدف نیوزی لینڈ نے 3 وکٹ پر 18.1 اوورز میں حاصل کرلیا۔

شاہین آفریدی نے نیوزی لینڈ کے فن ایلن کو 8 رنز پر  جبکہ ٹم سائفرٹ کو صفر اور ول ینگ کو 4 رنز پر آؤٹ کیا۔

بیٹنگ شروع کرنے کے بعد نیوزی لینڈ کے 3 کھلاڑی جلد پاکستانی کپتان شاہین آفریدی کا شکار بن گئے۔

 پاکستان کی جانب سے صائم ایوب اور محمد رضوان نے اننگ کا آغاز کیا۔

آغاز سے ایک اینڈ محمد رضوان نے سنبھالے رکھا تاہم دوسرے اینڈ سے صائم ایوب 1، بابر اعظم 19، فخر زمان 9 اور صاحبزادہ فرحان ایک رن بنا کر واپس پویلین چلے گئے۔

86 رنز پر 4 وکٹیں گرنے کے بعد محمد رضوان اور افتخار احمد نے ٹیم کا مجموعی اسکور 126 تک پہنچایا جس کے بعد 17.4 اوورز میں افتخار احمد 10 رنز بنا کر  آؤٹ ہوگئے۔

بعدازاں پاکستان ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹ پر 158 رنز  بنائے۔ محمد رضوان 90 اور محمد نواز 21 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

کرائسٹ چرچ میں ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کپتان شاہین آفریدی نے کہا کہ ٹیم میں بہتری کی گنجائش ہے، میچ میں اچھا کھیلنے کی کوشش کریں گے۔

آج کے میچ کے لیے پاکستان ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے۔ وکٹ کیپر بیٹر اعظم خان کی جگہ صاحبزادہ فرحان کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔