67
پی ایس ایل9: کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا پشاور زلمی کو جیت کیلئے 207 رنز کا ہدف
پاکستان سپر لیگ کے دوسرے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو جیت کے لیے 207 رنز کا ہدف دے دیا۔ دونوں ٹیمیں لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں مدِ مقابل ہیں جہاں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرانے کا فیصلہ کیا تھا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے…
پاکستان سپر لیگ کے دوسرے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو جیت کے لیے 207 رنز کا ہدف دے دیا۔
دونوں ٹیمیں لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں مدِ مقابل ہیں جہاں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرانے کا فیصلہ کیا تھا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے مقررہ اوورز میں 5 وکٹ پر 206 رنز بنائے۔ اوپنرز جیسن روئے اور سعود شکیل نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔
جیسن روئے 75 اور سعود شکیل 74 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ پشاور زلمی کی جانب سے سلمان ارشاد نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ محمد ذیشان اور لیوک ووڈ نے ایک ایک وکٹ لی۔
اس سے قبل ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے کہا تھا کہ کوئٹہ کی ٹیم کو 160 رنز تک محدود کرنے کی کوشش کریں گے، دوسری بیٹنگ میں موسم سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں گے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان رائیلی روسوو نے کہا کہ ہم ٹیم میں ہائی پرفارمنس ماحول بنانا چاہتے ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے نویں ایڈیشن کے افتتاحی میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کو 8 وکٹ سے شکست دی تھی۔