09 جُمادى الأولى / November 12
Download (59)

عمیر جیسوال نے دباؤ میں آکر ثناء جاوید کو طلاق دی؟ نئی حقیقت سامنے آ گئ

20 جنوری کو پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک اور شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ثناء جاوید نے شادی کی جس کے بعد اب یہ خبر سامنے آئی ہے کہ ثناء جاوید کے سابق شوہر عمیر جیسوال نے دباؤ میں آکر اہلیہ کو طلاق دی۔

حال ہی میں سینئر صحافی نعیم حنیف نے اپنے دیے گئے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا کہ مجھے اطلاع ملی کہ عمیر جیسوال کو کسی مقام پر بلایا گیا اور پھر سمجھایا گیا کہ آپ باعزت طریقے سے اس معاملے کو ختم کر دیں تو پھر عمیر نے طلاق پر دستخط کر دیئے۔

انہوں نے کہا کہ اس سارے معاملے میں سب سے حیران کن چیز یہ ہے کہ ثناء جاوید اور عمیر جیسوال کے درمیان طلاق کے بعد خاموشی ہے، میرے پاس اطلاعات ہیں کہ عمیر جیسوال پر دباؤ ڈالا گیا، جس شہر میں وہ رہتے ہیں وہاں پر کہیں سے بھی دباؤ آسکتا ہے اور اس طرح کے معاملات میں دھمکی آمیز فون معمول کی بات ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمیر ایک گلوکار ہیں اور فنون لطیفہ سے تعلق رکھنے والے افراد ویسے نرم مزاج اور نفیس طبیعت کے مالک ہوا کرتے ہیں، عمیر جیسوال کو بھی کچھ ایسی کالز کی گئیں ہیں، انہیں کسی مقام پر بلایا گیا اور بیٹھا کر سمجھایا گیا کہ آپ باعزت طریقے سے اس معاملے کو ختم کر دیں، تو گلوکار نے طلاق کے کاغذات پر دستخط کر دیئے۔

سینئر صحافی نعیم حنیف نے بتایا کہ دراصل عمیر جیسوال کا لالی ووڈ انڈسٹری کی شخصیات سے قریبی تعلق ہے، میں بھی ان کو شعیب ثنا کی شادی کے اعلان کے دن سے کالز کر رہا ہوں مگر ان کا ذاتی نمبر بند ہے، واٹس ایپ پر بھی رابطہ نہیں ہو پا رہا۔

انہوں نے کہا کہ سوال اٹھایا جا رہا ہے کہ ثانیہ مرزا اتنی بڑی اسٹار تھیں، بظاہر بڑی اچھی زندگی گزر رہی تھی، دبئی میں بھی گھر بنا لیا تھا، تو ایک دم سے ایسا کیا ہوا؟ مگر حقیقت یہ ہے کہ فاصلے بنانے میں پہل شعیب کی جانب سے ہوئی، ثانیہ کی فیملی کی بہت کوششوں کے باوجود یہ رشتہ قائم نہیں رہ سکا۔

ان کا کہنا تھا کہ شعیب ملک کا البتہ فیملی سمیت کچھ لوگوں سے رابطہ ہوا ہے مگر ان کی والدہ، بہنیں اور بہنوئی عمران ظفر کوئی بھی اس شادی میں شریک نہیں تھا۔

نعیم حنیف نے بتایا کہ یہ امر بھی قابلِ ذکر ہے کہ ثناء جاوید سے نکاح ہونے تک شعیب کے ان تمام رشتے داروں کو علم تک نہیں تھا۔

انہوں نے کہا کہ ثانیہ مرزا کی خواہش پر رشتہ بچانے کیلئے آخری کوشش کی گئی شعیب ملک کی ساری فیملی دبئی گئی جس کی وجہ شعیب ملک کے سارے خاندان میں ثانیہ کیلئے بہت زیادہ پسندیدگی تھی، انہیں بطور بہو بہت زیادہ مان دیا جاتا تھا اور یہ پسندیدگی طلاق کے باوجود آج بھی قائم ہے لہذا وقتی طور پر شعیب کی نئی شادی سے متعلق ان کی فیملی کا ردعمل اچھا نہیں تھا۔

سینئر صحافی نعیم حنیف کا مزید کہنا تھا کہ شعیب کی فیملی کا خیال تھا کہ وہ والدہ سمیت بہنوں کی بات مان لیں گے، اپنے رویئے پر غور کریں گے، ایک محبت پر گزارا نہیں ہوتا والی اداؤں پر قابو پائیں گے۔

واضح رہے کہ شعیب ملک نے پہلی شادی اپریل 2010 میں بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا سے کی تھی  اور ان کے درمیان دسمبر 2022 سے طلاق کی افواہیں زیرِ گردش تھیں، شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کا ایک 5 سال کا بیٹا بھی ہے۔