12 ذوالحجة / June 08

وزیراعظم شہباز شریف کا بلوچستان کے لیے 250 ارب روپے کے ترقیاتی پیکیج کا اعلان

کوئٹہ — وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان کے لیے 250 ارب روپے کے خصوصی ترقیاتی فنڈ کا اعلان کیا ہے۔ یہ اعلان انہوں نے کوئٹہ میں ایک گرینڈ جرگے سے خطاب کے دوران کیا، جہاں مختلف قبائلی عمائدین، سیاسی رہنما اور حکومتی نمائندے شریک تھے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ یہ خطیر رقم ملک کے مجموعی 1000 ارب روپے کے ترقیاتی بجٹ کا ایک چوتھائی حصہ ہے، جو بلوچستان کی پسماندگی دور کرنے اور عوام کی زندگی بہتر بنانے کے لیے مختص کی گئی ہے۔

ترقیاتی فنڈز کی شفافیت پر زور

وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان میں ترقیاتی فنڈز شفافیت اور احتساب کے ساتھ خرچ کیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا:

"بلوچستان کے عمائدین کو خود فیصلہ کرنا چاہیے کہ کون سی خرابیاں اور محرومیاں ہیں جنہیں دور کیا جا سکتا ہے۔ ہم سب کو مل کر ان خرابیوں کا حل تلاش کرنا ہو گا۔”

قومی یکجہتی اور دہشت گردی کے خلاف پیغام

وزیراعظم نے خطاب میں دہشت گردی کے خلاف قومی عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد پاکستان کی ترقی نہیں چاہتے اور یہ عناصر دشمن ممالک کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں۔ انہوں نے کہا:

"دہشت گرد خون کے پیاسے ہیں، وہ دشمن کے ایجنٹ ہیں اور پاکستان کو کمزور کرنا چاہتے ہیں۔”

انہوں نے مزید کہا کہ:

"ہم نے بھارت کے پانچ دھماکوں کے جواب میں چھ دھماکے کیے اور 1971 کا بدلہ لیا۔ قوم نے افواجِ پاکستان کے ساتھ کھڑے ہو کر دشمن کو شکست دی، جو اسے ہمیشہ یاد رہے گی۔”

وزیراعلیٰ بلوچستان کا مؤقف

تقریب میں وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ صوبے کو ترقی سے روکنے کے لیے دہشت گرد بھارت کے کہنے پر کارروائیاں کر رہے ہیں۔

"ایک مٹھی بھر دہشت گرد ٹولہ معصوم لوگوں کا خون بہا کر صوبے کے امن اور ترقی کو سبوتاژ کرنا چاہتا ہے۔”

انہوں نے کہا کہ ان عناصر کو ان کے انجام تک پہنچایا جائے گا اور بلوچستان کو ترقی کی راہ پر گامزن رکھا جائے گا۔

گرین بلوچستان انیشیٹو

وزیراعلیٰ نے اس موقع پر "گرین بلوچستان انیشیٹو” کا بھی ذکر کیا، جس کے تحت صوبے میں ماحولیاتی بہتری اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کیے جائیں گے۔