7 ذوالقعدة / May 05

مریم نواز: پنجاب کے اسکولوں میں سولر سسٹم، اپ گریڈیشن اور جدید سہولتوں کے لیے وسیع اقدامات کا اعلان

وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے میں تعلیمی شعبے کی بہتری کے لیے متعدد اہم اقدامات کا اعلان کیا ہے۔ اُن کا کہنا ہے کہ وہ بچوں کی تعلیم کو اولین ترجیح دیتی ہیں اور اس مقصد کے لیے اسکولوں میں سولر سسٹم کی تنصیب سمیت دیگر کئی منصوبوں پر کام جاری ہے۔

یہ بات انہوں نے اسکول ایجوکیشن سے متعلق ایک اجلاس کی صدارت کے دوران کہی جہاں انہیں موجودہ اور مجوزہ تعلیمی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

11 ہزار سے زائد اسکولوں کی آؤٹ سورسنگ مکمل

اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب میں 11 ہزار سے زائد اسکولوں کی آؤٹ سورسنگ مکمل ہو چکی ہے، جب کہ اگلے مالی سال کے دوران 250 اسکولوں کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔

علاوہ ازیں، صوبے کی 10 تحصیلوں میں 300 "ٹیک ایڈ” اسکول قائم کیے جائیں گے جن میں جدید فنی تعلیم دی جائے گی۔

"نواز شریف اسکول آف ایمیننس” کے قیام کا منصوبہ

بریفنگ کے دوران "نواز شریف اسکول آف ایمیننس” کے منصوبے سے بھی آگاہ کیا گیا، جہاں طلبہ کے لیے آئی ٹی اور سائنس لیبز، لائبریری، ملٹی پرپز پلے گراؤنڈ اور دیگر جدید سہولیات دستیاب ہوں گی۔

سولر سسٹمز، کلاس رومز اور عمارتوں کی تعمیر

وزیرِ اعلیٰ مریم نواز نے صوبے بھر کے اسکولوں میں سولر سسٹم کی تنصیب کے اقدامات کو سراہتے ہوئے اس عمل کو تیز کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے اسکولوں کی بوسیدہ عمارتوں کی فوری مرمت اور ایک سال کے اندر درکار کلاس رومز کی تعمیر کا حکم بھی دیا۔

اعداد و شمار کے مطابق، صوبے میں 580 اسکول عمارتیں بوسیدہ جبکہ 2,770 عمارتیں خستہ حال ہیں، جنہیں مرحلہ وار بہتر بنایا جائے گا۔

انرولمنٹ، اسپوکن انگلش اور اسکول میل پروگرام

اجلاس کے دوران وزیر تعلیم کو 11 لاکھ بچوں کی انرولمنٹ پر شاباش دی گئی، جبکہ 5 لاکھ بچوں کو انگلش ٹرینرز کے ذریعے اسپوکن انگلش کی تربیت دینے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اسکول میل پروگرام کو مزید وسعت دینے کی بھی ہدایت کی گئی۔

ہر ضلع میں گرلز اور بوائز کے لیے ماڈل اسکولز

مریم نواز نے ہر ضلع میں لڑکوں اور لڑکیوں کے لیے الگ الگ "نواز شریف اسکول” قائم کرنے کی ہدایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ آئندہ پانچ برسوں میں پنجاب بھر میں 1,750 اسکولوں کو اپ گریڈ کیا جائے گا تاکہ معیاری تعلیم ہر بچے تک پہنچائی جا سکے۔