4 ذوالقعدة / May 02

خواجہ آصف: بھارت کی کسی بھی کارروائی کا جواب "زیادہ شدت” سے دیا جائے گا

اسلام آباد — پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف نے خبردار کیا ہے کہ اگر بھارت نے کسی بھی قسم کی فوجی کارروائی کی تو پاکستان اس کا جواب "زیادہ شدت اور طاقت” کے ساتھ دے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان جنگ کا آغاز نہیں کرے گا، لیکن اگر جنگ مسلط کی گئی تو بھرپور ردعمل دیا جائے گا۔

خواجہ آصف پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ ان کا کہنا تھا، "بھارت جو کارروائی کرے گا، پاکستان کا جواب اس سے بڑھ کر ہوگا۔”

انہوں نے مزید کہا کہ خطے میں کشیدگی کو کم کرنے کے لیے دوست ممالک اور علاقائی طاقتیں ثالثی کا کردار ادا کر رہی ہیں۔ "یہ ممالک چاہتے ہیں کہ جنگ کی صورتحال نہ پیدا ہو۔ اللہ کرے بھارت کو کچھ عقل آ جائے اور وہ معاملات کو مذاکرات سے حل کرے۔”

وزیر دفاع نے بھارت کی جانب سے عالمی تحقیقات کے مطالبے پر خاموشی کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ ان کے بقول، "بھارت کی خاموشی اس بات کی علامت ہے کہ دال میں کچھ کالا ہے۔” انہوں نے کہا کہ جیسے جیسے وقت گزر رہا ہے، حملے کے خطرات بڑھتے جا رہے ہیں۔

خواجہ آصف نے زور دیتے ہوئے کہا، "ہماری طرف سے جنگ کا آغاز نہیں ہوگا، لیکن اگر بھارت نے کسی بھی جارحیت کا مظاہرہ کیا تو پاکستان کی جانب سے جواب میں کوئی شک باقی نہیں رہے گا۔”

پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ دنوں میں کشیدگی میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، اور دونوں ممالک کی قیادت کی جانب سے سخت بیانات سامنے آ رہے ہیں۔ بین الاقوامی برادری کی جانب سے بھی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔