1 ذوالقعدة / April 29

سعودی وزارت داخلہ نے حج سیزن کے دوران بغیر اجازت مقدس مقامات میں داخل ہونے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا عندیہ دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ غیر مجاز زائرین پر 20 ہزار ریال تک جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

جاری کردہ سرکاری اعلامیے کے مطابق وزٹ ویزے پر مکہ مکرمہ یا دیگر مقدس مقامات میں داخلے کی کوشش کو خلافِ قانون قرار دیا گیا ہے، اور اس جرم میں ملوث افراد پر بھاری مالی جرمانے کے ساتھ ساتھ دیگر قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔

وزارت کے مطابق غیر قانونی زائرین کو ٹرانسپورٹ یا رہائش فراہم کرنے والوں کو بھی ایک لاکھ ریال تک جرمانے کا سامنا ہوگا۔ مزید برآں، سہولت کاروں کو ملک بدر کیا جائے گا اور ان کے سعودی عرب میں دوبارہ داخلے پر 10 سال تک پابندی عائد کی جا سکتی ہے۔ غیر قانونی زائرین کو لے جانے والی گاڑیاں بھی ضبط کی جا سکیں گی۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ کسی بھی جرمانے یا سزا کے خلاف 30 دن کے اندر اپیل اور 60 دن میں عدالت سے رجوع کا حق حاصل ہوگا۔

وزارت داخلہ نے شہریوں اور مقیم افراد سے اپیل کی ہے کہ وہ حج کے ضوابط کی مکمل پابندی کریں اور غیر مجاز افراد کی معاونت سے گریز کریں تاکہ مقدس مناسک کا وقار اور سیکیورٹی یقینی بنائی جا سکے۔