98
پی ٹی آئی قیادت کے خلاف کارروائی، عمران خان کی بہنیں مختصر حراست کے بعد رہا
اڈیالہ جیل کے باہر سے عمران خان کی بہنوں اور پی ٹی آئی رہنماؤں کو حراست میں لینے کے بعد رہا کر دیا گیا راولپنڈی: پولیس نے اڈیالہ جیل کے باہر سے پاکستان تحریک انصاف کے سات رہنماؤں اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کی تینوں بہنوں کو حراست میں لینے کے کچھ دیر…
اڈیالہ جیل کے باہر سے عمران خان کی بہنوں اور پی ٹی آئی رہنماؤں کو حراست میں لینے کے بعد رہا کر دیا گیا
راولپنڈی: پولیس نے اڈیالہ جیل کے باہر سے پاکستان تحریک انصاف کے سات رہنماؤں اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کی تینوں بہنوں کو حراست میں لینے کے کچھ دیر بعد رہا کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب، صاحبزادہ حامد رضا اور احمد خان بچھر بانی چیئرمین پی ٹی آئی سے ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل پہنچے تھے۔ جیل کے قریب پولیس ناکے پر انہیں روکا گیا، جہاں پولیس نے ان کے ہمراہ موجود عمران خان کی بہنیں علیمہ خان، نورین خانم اور عظمیٰ خانم کو بھی حراست میں لے لیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق، تمام افراد کو تھوڑی دیر بعد چکری انٹرچینج کے قریب چھوڑ دیا گیا۔ پی ٹی آئی قیادت اور بانی چیئرمین کی بہنیں چکری انٹرچینج سے واپس روانہ ہو گئیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس نے پی ٹی آئی رہنماؤں کو 7 افراد کے وارنٹ گرفتاری دکھائے، جن میں عمران خان کی بہنوں اور ان کے کزن قاسم خان کے وارنٹس بھی شامل تھے۔ اس موقع پر پولیس اہلکاروں اور پی ٹی آئی رہنماؤں کے درمیان مکالمہ بھی ہوا، جس میں پولیس کا کہنا تھا کہ "آپ سب کو گرفتار کریں گے۔”
واضح رہے کہ سیاسی کشیدگی کے تناظر میں پی ٹی آئی رہنماؤں کی جیل کے باہر موجودگی اور ان کی مختصر گرفتاری نے سیاسی حلقوں میں نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ پارٹی ذرائع نے اس عمل کو سیاسی انتقام قرار دیتے ہوئے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔