98
جیل میں سہولیات کی درخواست: بشریٰ بی بی کیس میں فیصلہ محفوظ
جیل میں سہولیات سے متعلق بشریٰ بی بی کی درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ محفوظ اسلام آباد — اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق خاتونِ اول بشریٰ بی بی کی جیل میں بہتر سہولتوں سے متعلق دائر درخواست کو قابلِ سماعت قرار دینے کے معاملے پر فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔ درخواست…
جیل میں سہولیات سے متعلق بشریٰ بی بی کی درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ محفوظ
اسلام آباد — اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق خاتونِ اول بشریٰ بی بی کی جیل میں بہتر سہولتوں سے متعلق دائر درخواست کو قابلِ سماعت قرار دینے کے معاملے پر فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔
درخواست پر رجسٹرار آفس کی جانب سے اعتراضات کے ساتھ سماعت ہوئی، جسے جسٹس انعام امین منہاس نے سنا۔ عدالت نے ابتدائی سماعت کے دوران درخواست کی قانونی حیثیت پر سوالات اٹھائے اور مزید وضاحت طلب کی۔
سماعت کے دوران عدالت نے استفسار کیا کہ آیا جیل سپرنٹنڈنٹ کو دی گئی درخواست کا کوئی تحریری جواب یا فیصلہ درخواست کے ساتھ منسلک ہے؟ اس پر بشریٰ بی بی کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ جیل حکام درخواست لینے سے بھی انکاری ہیں۔
وکیل کے مطابق، ’’ہم نے جیل انتظامیہ کو 2 اپریل کو کوریئر کے ذریعے درخواست بھیجی تھی، جس کی رسید درخواست کے ساتھ منسلک ہے۔‘‘
عدالت نے وکیل کا مؤقف سننے کے بعد درخواست کے قابلِ سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا، جو بعد ازاں سنایا جائے گا۔
بشریٰ بی بی کی جانب سے عدالت سے استدعا کی گئی تھی کہ انہیں اڈیالہ جیل میں بنیادی انسانی حقوق کے تحت بہتر سہولیات فراہم کی جائیں، تاہم رجسٹرار آفس نے ابتدائی طور پر اس درخواست پر اعتراضات عائد کیے تھے جن پر اب عدالت نے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا ہے۔
یہ درخواست ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ مختلف مقدمات کے باعث جیل میں قید ہیں، اور ان کے قانونی ٹیم کی جانب سے متعدد مواقع پر جیل کی سہولیات پر تحفظات کا اظہار کیا جا چکا ہے۔