3 ذوالقعدة / May 01

مریم نواز کا پنجاب میں "دھی رانی پروگرام” کا افتتاح، اجتماعی شادی تقریب میں سلامی کارڈ کا اجرا

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور میں ایک اجتماعی شادی تقریب کے دوران پاکستان کے پہلے "پنجاب دھی رانی پروگرام” کا آغاز کر دیا۔ اس موقع پر انہوں نے سلامی کارڈ بھی متعارف کرایا، جس کے تحت ہر دلہن کو ایک لاکھ روپے سلامی فراہم کی جائے گی۔

تقریب کا انعقاد لاہور کے ایک شادی ہال میں کیا گیا، جہاں 51 جوڑوں کی شادیاں ہوئیں، جن میں 5 مسیحی جوڑے بھی شامل تھے۔ مریم نواز نے نوبیاہتا جوڑوں کو مبارک باد دی اور ان کے خوشحال مستقبل کی دعا کی۔ تقریب میں ڈاکٹر مفتی محمد رمضان سیالوی اور بشپ ندیم کامران نے دعا کرائی۔

نوبیاہتا جوڑوں کو شادی کے تحائف میں میٹرس، کھانے اور پکانے کا سامان، ڈنر سیٹ، اور دیگر ضروری اشیاء دی گئیں۔ اس کے علاوہ، محکمہ سوشل ویلفیئر کے تحت تقریب کے تمام شرکاء کے لیے ظہرانے کا بھی انتظام کیا گیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا، "شادی والدین اور بچوں کے لیے ایک جذباتی لمحہ ہوتا ہے۔ میں بھی آپ کی ماں ہوں اور آج آپ کی خوشی میں برابر کی شریک ہوں۔”

پنجاب دھی رانی پروگرام کے تحت سلامی کارڈ کو خصوصی طور پر ان دلہنوں کے لیے تیار کیا گیا ہے جو مالی مشکلات کا شکار ہیں، تاکہ انہیں زندگی کی نئی شروعات میں معاونت فراہم کی جا سکے۔

یہ اقدام پنجاب حکومت کی جانب سے خواتین کی فلاح و بہبود کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا حصہ ہے اور اسے وسیع پیمانے پر سراہا جا رہا ہے۔