1 ذوالقعدة / April 29

تحریک انصاف کے سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے وزیردفاع خواجہ آصف اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے حالیہ بیانات پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ رہنما اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کے لیے عمران خان جیسے عالمی سطح کے رہنما پر بے بنیاد الزامات لگا رہے ہیں۔ انہوں نے دونوں شخصیات کو "سیاسی مداری” قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے الزامات عوامی توجہ حاصل کرنے کی ناکام کوشش ہیں۔

شیخ وقاص اکرم کا کہنا تھا کہ عمران خان نے اپنی بے مثال قیادت اور جدوجہد سے پاکستانی عوام میں ایک نئی سیاسی سوچ پیدا کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شریف اور زرداری خاندانوں کی سیاست اب اپنے اختتام کی جانب بڑھ رہی ہے، اور ان کے تمام حربے عمران خان کو سیاسی منظرنامے سے ہٹانے میں ناکام ہو چکے ہیں۔

انہوں نے بلاول بھٹو کو "ناراض اور ناپختہ سیاستدان” قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں چاہیے کہ وہ عمران خان جیسے عالمی رہنما کے بجائے اپنی سطح کے سیاستدانوں سے مقابلہ کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری اپنے بیٹے کو مسلم لیگ (ن) پر دباؤ ڈالنے اور سیاسی سودے بازی کے لیے استعمال کرتے ہیں، لیکن عوام ان چالوں کو سمجھ چکے ہیں۔

خواجہ آصف پر تنقید کرتے ہوئے شیخ وقاص نے کہا کہ ان کے غیر سنجیدہ بیانات نے پاکستان کی بین الاقوامی ساکھ کو نقصان پہنچایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواجہ آصف اور ان کے ساتھی مسلسل عمران خان کو "فوج کا منصوبہ” قرار دیتے رہے ہیں، حالانکہ ان کے پاس اس الزام کا کوئی ثبوت نہیں۔

تحریک انصاف کے رہنما نے واضح کیا کہ عمران خان نے کبھی بھی غیر ملکی مدد یا سودے بازی پر انحصار نہیں کیا، جبکہ ان کے مخالفین نے ذاتی مفادات کے لیے ملکی مفادات کو قربان کیا۔ شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ عوام اب ان روایتی سیاسی خاندانوں کی حقیقت جان چکے ہیں، اور تحریک انصاف ہی پاکستان کے روشن مستقبل کی واحد امید ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی قیادت نے ثابت کیا ہے کہ وہ نہ صرف ملکی بلکہ عالمی سطح پر ایک رہنما کے طور پر جانے جاتے ہیں، اور ان کے مخالفین کا اتحاد اپنی ناکامیوں سے توجہ ہٹانے کا ایک ناکام حربہ ہے۔