1 ذوالقعدة / April 29
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے بدلے عافیہ صدیقی کی رہائی کی تجویز زیر غور نہیںپاکستان کے دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے واضح کیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کے بدلے عافیہ صدیقی کی رہائی کی کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے۔ اسلام آباد میں ہفتہ وار پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ وزارت خارجہ کو ایسی کسی تجویز کا علم نہیں ہے اور یہ بات مکمل طور پر بے بنیاد ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان بین الاقوامی انسانی حقوق کے اصولوں پر عملدرآمد کے لیے پرعزم ہے اور پاکستان تعمیری اور بامعنی بات چیت پر یقین رکھتا ہے۔ ترجمان نے یہ بھی کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان تمام امور پر بات چیت جاری رہتی ہے اور دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات مضبوط ہیں۔

یورپی یونین سے تعلقات اور بھارت کے ساتھ بات چیت پر زور

ممتاز زہرا بلوچ نے یورپی یونین کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کو ہمہ جہتی اور دوطرفہ مفاد پر مبنی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان یورپی یونین کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

بھارت کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر سمیت تمام مسائل کے حل کے لیے بھارت کے ساتھ بات چیت کے عزم پر قائم ہے۔ انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں سیاسی جماعتوں پر پابندی کی مذمت کی اور کہا کہ بھارت کو کشمیری عوام کے حقوق کا احترام کرنا چاہیے۔

افغانستان میں کارروائیاں اور دہشتگردی کے خطرات

افغانستان میں دہشتگرد گروپوں کی موجودگی کے حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوئے ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ سوشل میڈیا پر پھیلنے والی افواہوں پر یقین نہ کیا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ افغانستان میں موجود دہشتگرد گروپوں سے پاکستان کو خطرہ لاحق ہے، اور ملک کی عوام کے تحفظ کے لیے پاکستان بھرپور عزم کے ساتھ کارروائی کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی انسداد دہشتگردی کی کارروائیاں انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کی جاتی ہیں اور ان میں احتیاط سے منتخب کردہ اہداف پر کارروائی کی جاتی ہے۔ تاہم ترجمان نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کی ترجیح ہمیشہ یہ رہتی ہے کہ مسائل کو بات چیت اور سفارتکاری کے ذریعے حل کیا جائے۔