2 ذوالقعدة / April 30

بینظیر بھٹو شہید کی 17ویں برسی: گڑھی خدا بخش میں انتظامات مکمل

لاڑکانہ کے تاریخی مقام گڑھی خدا بخش میں سابق وزیرِاعظم بینظیر بھٹو شہید کی 17ویں برسی کے موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنوں اور عوام کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔

برسی کے موقع پر گڑھی خدا بخش میں مختلف استقبالیہ کیمپ لگائے گئے ہیں تاکہ آنے والے شرکاء کو سہولت فراہم کی جا سکے۔ انتظامیہ نے تقریباً 50 سے زائد استقبالیہ کیمپ قائم کیے ہیں، جبکہ محکمۂ صحت نے ہنگامی طبی امداد کے لیے 3 میڈیکل کیمپس بھی فعال کیے ہیں۔

سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں۔ برسی کی تقریبات کے دوران مزار اور اس کے اطراف 8500 پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں، اور علاقے میں حفاظتی نگرانی سخت کر دی گئی ہے۔

سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ڈی آئی جی، کمشنر، اور ایس ایس پی گڑھی خدا بخش نے دورہ کیا ہے اور متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات دی ہیں۔

27 دسمبر کو برسی کے موقع پر مرکزی تقریب میں پارٹی رہنماؤں کے خطاب اور دعائیہ تقریب کی توقع کی جا رہی ہے، جس میں عوام کی بڑی تعداد شرکت کرے گی۔