98
مراد سعید وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں موجود؟ عطا تارڑ کا دعویٰ
مراد سعید وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں موجود؟ عطا تارڑ کا دعویٰ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے دعویٰ کیا ہے کہ تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور سابق وفاقی وزیر مراد سعید وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں روپوش ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہاں بیٹھ کر احتجاج کے دوران لاشیں گرانے کی منصوبہ…
مراد سعید وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں موجود؟ عطا تارڑ کا دعویٰ
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے دعویٰ کیا ہے کہ تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور سابق وفاقی وزیر مراد سعید وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں روپوش ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہاں بیٹھ کر احتجاج کے دوران لاشیں گرانے کی منصوبہ بندی کی گئی۔
گرفتاری کے لیے چھاپا؟
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ مراد سعید کی گرفتاری کے لیے وزیراعلیٰ ہاؤس پر چھاپا مارنا مناسب نہیں لگتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مراد سعید اسلام آباد کے احتجاج میں تربیت یافتہ جتھے کے ساتھ موجود تھے، جو پیشگی منصوبے کے تحت آیا تھا۔
ریاست کا مؤقف
وفاقی وزیر نے کہا کہ ریاست کبھی اپنے اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کرتی اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنانا اس کا فرض ہے۔ انہوں نے تحریک انصاف پر الزام عائد کیا کہ وہ سیاسی ناکامی کو چھپانے کے لیے پروپیگنڈا کر رہی ہے، لیکن یہ حربے ناکام ہوں گے۔
"اسلام آباد میں خون کا ایک قطرہ بھی نہیں گرا، اور اموات کا پروپیگنڈا ان کے اپنے گلے پڑے گا۔”
احتجاج اور الزامات
عطا تارڑ نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کی اجازت کے بغیر ہونے والا یہ احتجاج غیر قانونی تھا، اور اس میں 37 غیرملکی افراد سمیت جرائم پیشہ عناصر شامل تھے۔
انہوں نے کہا:
"رینجرز پر گاڑی چڑھائی گئی، اندھا دھند فائرنگ مظاہرین کی جانب سے کی گئی۔ کیا وہ رینجرز اہلکار پاکستانی شہری نہیں تھے؟”
تحریک انصاف پر تنقید
عطا تارڑ نے پی ٹی آئی کے احتجاج کو "فساد کا منصوبہ” قرار دیا اور کہا کہ گرفتار افراد نے اعتراف کیا ہے کہ انہیں پیسے دے کر مظاہرے میں شامل کیا گیا۔
ریاستی بیانیہ اور انٹیلیجنس رپورٹس
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ انٹیلیجنس رپورٹس کے مطابق پی ٹی آئی نے "فائنل کال” کے نام پر حملے کی منصوبہ بندی کی تھی، لیکن ریاستی اداروں نے یہ سازش ناکام بنادی۔
انہوں نے انٹرنیشنل میڈیا پر چلنے والے پروپیگنڈا کو بھی مسترد کرتے ہوئے کہا کہ:
"بین الاقوامی میڈیا پر جتنے بھی آرٹیکل لکھوائے جائیں، حقیقت پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔”
یہ دعوے ایک ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب ملک میں سیاسی تنازع اور احتجاج کی شدت میں اضافہ ہو رہا ہے۔ عطا تارڑ کے بیانات کے بعد مراد سعید یا تحریک انصاف کی جانب سے کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔








