11 جُمادى الأولى / November 14

معروف میزبان، سابق رکنِ قومی اسمبلی کی سابقہ اہلیہ ڈاکٹر سیدہ بشریٰ اقبال نے مرحوم عامر لیاقت کی دوسری برسی سے قبل ایک پیغام شیئر کیا ہے۔

ڈاکٹر سیدہ بشریٰ اقبال نے گزشتہ روز فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر شیئر کیے اپنے پیغام میں لکھا ہے کہ’مرنے والے انصاف کے لیے چیخ نہیں سکتے، ان کے لیے انصاف کی لڑائی کرنا زندہ لوگوں کا فرض ہے‘۔

اُنہوں نے مزید لکھا کہ 9 جون کو معروف براڈ کاسٹر اور ممبر قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین کی دوسری برسی ہے، ہم امید اور دعا کرتے ہیں کہ عدالت عامر لیاقت کو انصاف فراہم کرے اور ان کی موت کے ذمہ داروں کو سزا دے۔

واضح رہے کہ ڈاکٹر عامر لیاقت نے سیدہ طوبیٰ انور سے دوسری شادی کے بعد پہلی بیوی ڈاکٹر بشریٰ اقبال کو طلاق دے دی تھی پھر وہ بہت سے تنازعات میں پھنس گئے اور اس دوران اُنہوں نے دانیا شاہ کے ساتھ تیسری شادی کرلی۔

ان کی تیسری بیوی دانیا شاہ نے جس طرح ان کی تصاویر اور ویڈیوز لیک کیں وہ ناقابل برداشت ثابت ہوئیں اور ڈاکٹر عامر لیاقت افسوس ناک طور پر انتقال کر گئے ۔

ڈاکٹر بشریٰ اقبال اور ڈاکٹر عامر لیاقت کے دو بچے آج بھی انصاف حاصل کرنے کے لیے قانونی جنگ لڑ رہے ہیں۔

 گزشتہ روز عدالت میں عامر لیاقت حسین کی نازیبا ویڈیو وائرل کرنے کے کیس کی سماعت میں ایف آئی اے کی جانب سے عدالت میں جمع کروائے گئے چالان میں یوٹیوبر کو بے گناہ قرار دے دیاتھا۔

ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ دوران تفتیش ملزم کے خلاف شواہد نہیں ملے۔

وفاقی تحقیقاتی ادارے کا کہنا ہے کہ دانیا شاہ کے خلاف شواہد موجود ہیں ان کے خلاف کیس چلایا جائے۔

جس کے بعد عدالت نے کیس کے تفتیشی افسر کو شوکاز جاری کردیا۔