09 جُمادى الأولى / November 12

پشاور: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شیر افضل مروت کا کہنا ہے بانی پی ٹی آئی کو القادر ٹرسٹ کیس میں سزا ہوئی تو یہ سیاسی انتقام ہو گا۔

پشاور ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل مروت کا کہنا تھا نگران حکومت کے دورمیں میرے خلاف دو درجن سے زائد کیسز بنائے گئے، تمام کیسز ہائیکورٹ میں چیلنج کیے اور عدالت نے میری گرفتاری روک دی ہے۔

عمران خان کو سزا سے متعلق سوال پر شیر افضل مروت کا کہنا تھا القادر ٹرسٹ کیس میں بانی چیئرمین عمران خان کو سزا ہوتی ہے تو یہ سیاسی انتقام ہو گا، اسی طرح کیسز اور سزائیں دیتے رہیں گے تو پھراس کا نتیجہ احتجاج ہو گا۔

ایک سوال کے جواب میں پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا پارٹی اختلافات سے متعلق میرے بیان پر بانی پی ٹی آئی ناراض ہوئے تو میں پارٹی معاملات پر بیان بازی سے اجتناب کا اعلان کیا۔

ان کا کہنا تھا میں کسی سے اختلافات نہیں رکھتا لیکن لوگ مجھے نہیں چھوڑتے۔

عمران خان سے ملاقات سے متعلق سوال پر شیر افضل مروت کا کہنا تھا جب بانی پی ٹی آئی بلائیں گے تو ان سے ملاقات ہو جائے گی، ان سے جب ملاقات ہو گی تو تمام اختلافات ختم ہو جائیں گے۔