11 جُمادى الأولى / November 14

وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ مجھے آگ کا دریا عبور کر کے وزیرِ اعلیٰ کی کرسی تک پہنچنا پڑا، یہاں تک پہنچنے کے لیے میں نے اپنے والد سے وعدہ کیا تھا، چیف منسٹر کی کرسی اللّٰہ تعالیٰ نے مجھے دی ہے۔

لاہور میں وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خوشی ہوئی کہ پولیس پاسنگ آؤٹ پریڈ میں 650 خواتین اہلکار ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ جب جلسوں میں جاتی تھی تو ہتھیار اٹھائے خواتین پولیس اہلکاروں کو دیکھ کر خوشی ہوتی تھی، میں مڑ مڑ کر ان خواتین پولیس اہلکاروں کو دیکھتی تھی، یہ خواتین گھر کی ذمے داریاں بھی ادا کرتی ہیں۔

وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ خوشی ہوئی کہ آج پہلی خاتون پولیس اہلکار کو اعزازی شمشیر عطاء کی گئی، آئی جی پنجاب سے کہا ہے کہ 7 ہزار خواتین پولیس اہلکار کم ہیں، اضافہ ہونا چاہیے۔

انہوں نےکہا کہ جب سے عہدے کا حلف اٹھایا اس تقریب کا انتظار کر رہی تھی، آئی جی پنجاب نے کہا تھا کہ خواتین اہلکاروں کی پاسنگ آؤٹ پریڈ میں آپ نے آنا ہے، میں روز پوچھتی تھی کہ خواتین پولیس اہلکاروں کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کب ہے؟

فوٹو بشکریہ سوشل میڈیا

پنجاب کی وزیرِ اعلیٰ مریم نواز کا کہنا ہے کہ آج جب خواتین اہلکاروں کو دیکھا تو یقین آیا کہ انہوں نے ٹریننگ بہت سنجیدگی سے مکمل کی، آج پہلی بار پولیس یونیفارم پہنا تو اندازہ ہوا کہ یہ کتنی بڑی ذمے داری ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ مجھے پتہ ہے کہ آپ لوگوں کو احساس ہے کہ یہ کتنی بڑی ذمے داری ہے، میں بطور وزیرِ اعلیٰ فیصلے کرتی ہوں، آپ نافذ کرتی ہیں، آپ کی زیادہ ذمے داری ہے، آپ کی ہمدردی مظلوم کے لیے ہونی چاہے، ظالم کے لیے نہیں۔

وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ میرے دل میں انتقام کا جذبہ نہیں، معاشرے میں انصاف قائم کرنا ضروری ہے، آپ سے امید ہے کہ ظالم کو اس کے انجام تک پہنچائیں گے۔\

انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ کی کرسی پر بیٹھ کر اگر کسی کے خلاف کوئی فیصلہ کرنا پڑتا ہے تو دل پر پتھر رکھ کر کرتی ہوں، ان حالات نے میری ٹریننگ کی، کوئی نہیں کہہ سکتا کہ نوازشریف کی بیٹی ہوں تو یہاں تک پہنچی، میرے لیے یہ آسان کام نہیں تھا، مجھے اپنے آپ کو ثابت کرنا پڑا۔

وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ میں گھر جاتی ہوں تو اپنے والد کے ساتھ پورے دن کا احوال شیئر کرتی ہوں، والد کے چہرے پر تشکر کے تاثر دیکھتی ہوں تو لگتا ہے کہ میری محنت کامیاب ہو گئی، اپنی بیٹیوں پر اعتماد کیجیے، ان کے ساتھ کھڑے ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ مجھے بتایا گیا کہ یہ پولیس اکیڈمی نواز شریف کے دورِ حکومت میں بنی تھی، نواز شریف اور شہباز شریف کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہوں، پورے ملک میں ترقی کے ہر نشان پر نواز شریف یا شہباز شریف کا نام نظر آئے گا۔

وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا یہ بھی کہنا ہے کہ میرے لیے بڑی ذمے داری ہے کہ نواز شریف اور شہباز شریف کے کام کو آگے لے کر جانا ہے، مجھے احساس ہے کہ انصاف کرنا ہے، 12 کروڑ افراد کی خدمت کرنی ہے۔