23 رَبيع الأوّل / September 05

سرگودھا کے نواحی علاقے کوٹ مومن میں ایک گھر سے میاں بیوی کی لاشیں برآمد ہونے کے بعد پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں سامنے آیا ہے کہ مقتول شخص نے تقریباً ایک ہفتہ قبل تیسری شادی کی تھی، جس کے بعد مبینہ طور پر گھریلو تنازع پیدا ہوا۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) کے ترجمان کے مطابق مقتول کی دوسری بیوی نے مبینہ طور پر شوہر کو اس وقت نشانہ بنایا جب وہ سو رہا تھا۔ خاتون نے چارپائی کا پایا مار کر شوہر کو قتل کیا، جس کے بعد خود بھی مبینہ طور پر خودکشی کر لی۔

پولیس حکام کے مطابق مقتول نے پہلے اپنی پہلی بیوی کو طلاق دی، جس کے بعد دوسری شادی کی اور بعد ازاں تیسری شادی بھی کر لی تھی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی ابتدائی تحقیقات مکمل کرلی گئی ہیں، جبکہ مزید شواہد اور واقعے کے محرکات جاننے کے لیے تفتیش جاری ہے۔

پولیس کے مطابق دونوں لاشوں کو قانونی کارروائی کے لیے منتقل کیا گیا ہے اور واقعے سے متعلق مزید حقائق تحقیقات مکمل ہونے کے بعد سامنے آئیں گے۔

واضح رہے کہ شوہر کے قتل اور خاتون کی خودکشی سے متعلق تفصیلات پولیس کی ابتدائی تحقیقات اور بیان پر مبنی ہیں۔