21 رَبيع الأوّل / September 03

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور کرغزستان کے برادرانہ تعلقات کو مزید وسعت دینا چاہتے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت کا حجم 2 ارب ڈالر تک بڑھانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔

بشکیک میں کرغزستان کے صدر صادر نور ژاپاروف کے ہمراہ مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کرغز قیادت کی جانب سے شاندار میزبانی پر شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم نے کرغزستان کے یومِ آزادی کے موقع پر قیادت اور عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے اسے سلامتی کونسل کا غیر مستقل رکن منتخب ہونے پر بھی مبارکباد پیش کی۔

شہباز شریف نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مختلف معاہدوں پر دستخط دوطرفہ تعاون کے فروغ کی جانب اہم قدم ہیں۔ مذاکرات کے دوران بالخصوص تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر توجہ مرکوز کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کرغزستان کے درمیان تجارت کو 2 ارب ڈالر تک بڑھانے کے خواہاں ہیں، جبکہ دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان تجارتی روابط بڑھانے کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔

وزیراعظم کے مطابق کاسا توانائی معاہدے کو آگے بڑھانے کے لیے مشترکہ وزارتی گروپ کا قیام خوش آئند ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کرغزستان تعلیم، سائنس و ٹیکنالوجی اور ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دیں گے۔

وزیراعظم نے پاکستان اور کرغزستان کے درمیان ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدے کو بھی اہم پیش رفت قرار دیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ لاہور اور کرغزستان کے شہر اوس کو جڑواں شہر قرار دینے سے دونوں ممالک کے درمیان عوامی اور ثقافتی روابط مزید مضبوط ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کرغزستان دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خلاف مل کر کام کریں گے، جبکہ موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے بھی دونوں ممالک میں اتفاقِ رائے پایا گیا ہے۔

اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف کے اعزاز میں کرغزستان کے صدارتی محل میں استقبالیہ تقریب منعقد ہوئی۔

صدارتی محل پہنچنے پر کرغزستان کے صدر صادر نور ژاپاروف نے وزیراعظم شہباز شریف کا پرتپاک استقبال کیا، جہاں انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔