8 رَبيع الأوّل / August 21

لاہور: نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) نے پنجاب کے مختلف شہروں میں کارروائیاں کرتے ہوئے خواتین کو مبینہ طور پر قابلِ اعتراض تصاویر کے ذریعے بلیک میل کرنے والے 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

این سی سی آئی اے کے ڈائریکٹر کے مطابق لاہور، گوجرانوالہ، ملتان اور فیصل آباد میں بلیک میلنگ کے مختلف مقدمات کے سلسلے میں کارروائیاں کی گئیں، جن کے دوران 4 ملزمان کو حراست میں لیا گیا۔

حکام کے مطابق گرفتار ملزمان خواتین کی قابلِ اعتراض تصاویر اور دیگر ڈیجیٹل مواد استعمال کرکے انہیں بلیک میل کرتے تھے۔ کارروائیوں کے دوران ملزمان کے قبضے سے موبائل فونز، واٹس ایپ اکاؤنٹس اور دیگر اہم ڈیجیٹل شواہد بھی برآمد کیے گئے۔

این سی سی آئی اے کے مطابق لاہور میں ایک ملزم کو خاتون پر شادی کے لیے دباؤ ڈالنے اور تصاویر وائرل کرنے کی دھمکی دینے کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔

گوجرانوالہ میں خاتون کو مبینہ طور پر بلیک میل کرکے 2 لاکھ روپے وصول کرنے والے 2 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

اسی طرح فیصل آباد میں قابلِ اعتراض تصاویر ہٹانے کے عوض 5 لاکھ روپے بھتہ طلب کرنے والے ایک ملزم کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔

این سی سی آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان سے برآمد ہونے والے ڈیجیٹل شواہد کی بنیاد پر مزید تحقیقات جاری ہیں، جبکہ سائبر بلیک میلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔